وزیراعلیٰ پنجابکی زیر صدارت اجلاس، محرم الحرام کے دوران امن عامہ کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا

محرم الحرام ، عوام کے جان و مال کے تحفظ اورامن و امان کے قیام کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں،شہبازشریف

جمعہ 22 ستمبر 2017 20:57

وزیراعلیٰ پنجابکی زیر صدارت اجلاس، محرم الحرام کے دوران امن عامہ کے ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ اورامن و امان کے قیام کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیںاورمحرم الحرام کے دوران پرامن فضا کے قیام کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔

انہوںنے کہا کہ محرم الحرام کے دوران گزشتہ برسوں سے بڑھ کر سکیورٹی انتظامات کئے جائیں اورمجالس اور جلوسوں کیلئے روٹ اور وقت کی پابندی یقینی بنائی جائے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ضلع کی سطح پر امن کمیٹیوں کو فعال بنایا جائے اوراپنے اضلاع میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے امن کمیٹیوں کے ارکان متحرک کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

صوبائی، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر کنٹرول رومز قائم کئے جائیں۔

جلوسوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے 4 درجاتی حصار بنائے جائیں۔ انہوںنے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں، جنریٹرز، لائٹس، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور دیگرآلات کا سوفیصد آڈٹ کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔قابل اعتراض مواد کی اشاعت و تقسیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوںنے ہدایت کی کہ ضابطہ اخلاق کی پابندی پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ وال چاکنگ پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی برداشت نہیں کروں گا۔وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں کومبنگ آپریشن مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں کسی غفلت کے متحمل نہیں ہوسکتے، اس لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں۔قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں۔

محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں اورمحرم الحرام کے دوران وضع کردہ سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔انہوںنے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے اورقانون نافذ کرنے والے ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں۔ انہوںنے کہا کہ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ فرائض انجام دینے والی پولیس فورس اور دیگر محکموں کے عملے کیلئے کھانے پینے کا بہترین انتظام ہونا چاہیئے۔صوبائی وزیر کرنل (ر) ایوب گادھی خود اس کام کی نگرانی کریں۔ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے متبادل پلان بنایا جائے اور اسے مشتہر کیا جائے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس نے پنجاب پولیس کی جانب سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

اجلاس میں صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ ، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، جہانگیر خانزادہ، مشیر رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، سرگودھا، فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژن کے بلدیاتی اداروں کے میئرز، چیئرمین ضلع کونسلز، کمشنرز اور آرپی اوز کی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :