Live Updates

تحریک انصاف نے وزیر اعظم سے ملک میں معاشی ایمرجنسی کے فوری نفاذ کا مطالبہ کردیا

وزیر اعظم ملکی معیشت کے ڈوبتے جہاز کو بچانے کیلئے فوری تدبیر کریں ، نواز،ڈار بندوبست کی جانب سے نافذ کی گئی معاشی حکمت عملی میں نمایاں تبدیلیاں لائی جائیں ، ڈار کی پالیسیاں پاکستان کو بیرونی قرضوں کی خوفناک دلدل میں دھنسا رہی ہیں، تحریک انصاف کے سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی اسد عمرکابیان

جمعہ 22 ستمبر 2017 20:46

تحریک انصاف نے وزیر اعظم سے ملک میں معاشی ایمرجنسی کے فوری نفاذ کا مطالبہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 ستمبر2017ء) تحریک انصاف نے وزیر اعظم سے ملک میں معاشی ایمرجنسی کے فوری نفاذ کا مطالبہ کردیا۔اس حوالے سے تحریک انصاف کے سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی اسد عمر کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ملکی معیشت کے ڈوبتے جہاز کو بچانے کیلئے فوری تدبیر کریں۔ نواز-ڈار بندوبست کی جانب سے نافذ کی گئی معاشی حکمت عملی میں نمایاں تبدیلیاں لائی جائیں۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ گزشتہ چار برس کی ناکام پالیسیوں کا تسلسل قومی سلامتی پر خطرات کے بادل گہرے کررہا ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں تیزی سے کمی جبکہ بیرونی قرضے آسمان تک بلند ہورہے ہیں۔ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی میعاد کے خاتمے کے بعد سے اب تک ساڑھے چار ارب ڈالرز کی کمی آچکی ہے۔

(جاری ہے)

اسد عمرا نے یہ بھی کہا کہ ملکی معیشت کی حقیقی صورتحال ہمارے اندازوں سے کہیں ابتر ہے۔

دوسال سے ہم مسلسل نشاندہی کررہے ہیں کہ ڈار صاحب کی پالیسیاں پاکستان کو کہیں کا نہیں چھوڑیں گی۔ ڈار صاحب کی پالیسیاں پاکستان کو بیرونی قرضوں کی خوفناک دلدل میں گہرا دھنسا رہی ہیں۔گزشتہ برس پاکستان کے بیرونی قرضوں کے حجم میں 9 ارب ڈالرز کا غیر معمولی اضافہ ہو۔ نو ارب ڈالرز کے اضافے کیساتھ مجموعی بیرونی قرضہ 83 ارب ڈالرز کی خطرناک سطح کو پہنچ گیا۔بیرونی قرضوں کا حجم ملکی برآمدات کے 400 گنا سے بھی متجاوز ہے۔ملکی معیشت کی اصلاح کیلئے فوری مداخلت ناگزیر ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات