پیپلز پارٹی نے ایان علی کیلئے تو مظاہرے کئے مگر بے نظیر بھٹو کیلئے کوئی مظاہرہ نہیں کیا،

مشرف کے بیان میں جان ہے، پرویز مشرف اور آصف زرداری اپنی پوزیشن واضح کر یں، مشرف کو اکبر بگٹی کے قتل کا جواب بھی دینا ہے، پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ میں ترمیم کے بعد نواز شریف پارٹی کے صدر بن چکے ہیں، یہ جمہوری قوتوں کی بہت بڑی کامیابی ہے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 22 ستمبر 2017 20:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ایان علی کیلئے تو مظاہرے کئے مگر بے نظیر بھٹو کیلئے کوئی مظاہرہ نہیں کیا، مشرف کے بیان میں جان ہے، پرویز مشرف اور آصف علی زرداری دونوں کو اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے، مشرف کو اکبر بگٹی کے قتل کا جواب بھی دینا ہے، پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ میں ترمیم کے بعد نواز شریف پارٹی کے صدر بن چکے ہیں، یہ جمہوری قوتوں کی بہت بڑی کامیابی ہے۔

جمعہ کو پارلیمنٹ ہا?س کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ پرویز مشرف کے بیان میں جان ہے، پرویز مشرف اور آصف زرداری دونوں کو اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے، اس وقت صدر تو پرویز مشرف ہی تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کوئی عام لیڈر نہیں تھیں ان کی سیکیورٹی کی ذمہ داری ریاست کی تھی، یہ بھی درست ہے کہ سینیٹر رحمان ملک اور دیگر بھی ان کی سیکیورٹی کے ذمہ دار ہیں۔

مشاہد اللہ خان نے کہا کہ مشرف کو اکبر بگٹی کے قتل کا جواب بھی دیناہے، وکیلوں کو جلائے جانے کا بھی جواب دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی اہمیت ایان علی سے زیادہ ہے، پیپلز پارٹی والے ایان علی کیلئے تو مظاہرے کرتے رہے مگر بے نظیر بھٹو کیلئے کوئی مظاہرہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ میں ترمیم کے بعد نواز شریف پارٹی کے صدر بن چکے ہیں، یہ جمہوری قوتوں کی بہت بڑی کامیابی ہے، یہ بل متفقہ طور پر قومی اسمبلی سے آیا تھا، ترمیم کی مخالفت کرنے والوں کو جواب دینا پڑے گا کہ انہوں نے جمہوریت دشمنی کیوں کی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا راستہ روکنے کا مطلب 20کروڑ عوام کا راستہ روکنا ہے۔