امریکی صد کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میںاسلام مخالف تقریراورایران سمیت دیگر ممالک کو دھمکی دینا انتہائی افسوسناک اورقابل مذمت ہے،

رہنماء جماعت اسلامی ٹرمپ دنیا میں فسادات برپا کرنا چاہتے ہیں، امریکہ کو دوسرے ملکوں پر قبضے کرنے کی سوچ کو بدلنا ہوگا،امریکی پالیسی سازاداروں کو سوچنا ہوگاکہ ساری دنیا میں آگ اور خون کاکھیل کھیلنے سے خودامریکہ کیسے محفوظ رہ سکتاہے، بیان

جمعہ 22 ستمبر 2017 20:41

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 ستمبر2017ء) جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاہے کہ امریکی صدرڈونلڈٹرمپ کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میںاسلام مخالف تقریراورایران سمیت دیگر ممالک کو دھمکی دینا انتہائی افسوسناک اورقابل مذمت ہے۔یوں محسوس ہوتاہے کہ جیسے ٹرمپ دنیا میں فسادات برپا کرنا چاہتے ہیں۔

امریکہ کو دوسرے ملکوں پر قبضے کرنے کی سوچ کو بدلنا ہوگااور ایک دوسرے کی خودمختاری کااحترام کیاجانا چاہئے۔امریکی پالیسی سازاداروں کو سوچنا ہوگاکہ ساری دنیا میں آگ اور خون کاکھیل کھیلنے سے خودامریکہ کیسے محفوظ رہ سکتاہے۔گزشتہ دودھائیوںمیں نائن الیوان کو بہانہ بناکر امریکہ نے لاکھوں افرادکا عراق اورافغانستان میں قتل عام کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستا نی حکمرانوں کو امریکی غلامی کاطوق گلے سے اتار پھینکنے کی ضرورت ہے۔جب تک ٹرمپ انتظامیہ جارحانہ اور منفی سوچ کو پروان چڑھاتی رہے گی،دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔عالمی برادری کو اس حوالے سے فیصلہ کرنا چاہئے کہ وہ دنیا میں امن چاہتی ہے یاخون خرابہ چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک آزاد،خودمختار ایٹمی ریاست ہے۔

سیاسی وعسکری قیادت ایسی پالیسیاں بنائے جن سے عوامی توقیر میں اضافہ اور ملک وقوم کو تحفظ فراہم کیاجاسکے۔برابری کی سطح پر تعلقات قائم کرکے ہی ایک دوسرے کے مفادات کو ملحوظ خاطر رکھاجاسکتا ہے۔پاکستان کے مقتدر حلقوں کو اپنا مثبت کردار اداکرنا چاہئے تاکہ دنیامیں پاکستان کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ امریکی’’ڈومور‘‘کے مطالبے کے جواب میں’’نومور‘‘کہاجائے۔جماعت اسلامی نے ماضی میں ملک میں امریکہ مخالف تحریک چلاکریہ ثابت کردیاہے کہ پاکستان کے عوام امریکی غلامی سے نجات چاہتے ہیں۔آج ہماری یہ تحریک پوری قوم کی آواز بن چکی ہے۔