سعودی عرب اسلامی تاریخ، ورثے اور دور جدید کی مثالی مملکت کا ایک درخشندہ باب ہے

وزیراعلیٰ پنجاب کا سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر پیغام

جمعہ 22 ستمبر 2017 20:39

سعودی عرب اسلامی تاریخ، ورثے اور دور جدید کی مثالی مملکت کا ایک درخشندہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 ستمبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی عرب کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سعودی عرب کا قومی دن اسلامی تاریخ، ورثے اور دور جدید کی مثالی مملکت کا ایک درخشندہ باب ہے۔پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط تعلقات صدیوں پرانی تاریخی، مذہبی اور ثقافتی شراکت پر مبنی ہیں۔

پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے اور دیرینہ تعلقات ہیں جو ہمیشہ قائم و دائم رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون اور ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ ہر آزمائش کے موقع پر سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی ہر ممکن مدد کی ہے۔

(جاری ہے)

خادمین حرمین شریفین نے اپنے عمل سے بھی یہ ثابت کیا کہ وہ واقعی پاکستان کے عوام سے محبت رکھتے ہیں۔

سعودی عرب اور پاکستان کی دوستی دنیا کے لئے مثال کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں حجاز مقدس پاکستانیوں کی عقیدت کا محور اور روحانیت کا بنیادی مرکز ہے اور ہر مسلمان کی دماغ کی تمام وسعتیں اور گہرائیاں حرمین شریفین کی محبت سے معمور ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سعودی عرب خادمین حرمین شریفین کی قیادت میں روز بروز ترقی و فلاح کی جانب گامزن ہے۔ اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کیلئے سعودی حکومت کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ سعودی عرب کو پاکستان کے عوام اپنادوسرا گھر سمجھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :