بورے والا میں مسیحی طالب کا قتل، ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے،زاہد حامد

ایس پی لیول کا افسر انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے ، روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ لی جارہی ہے،ملوث افراد کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے گی، وزیر قانون کی سینٹ میں توجہ دلائو نوٹس پر گفتگو

جمعہ 22 ستمبر 2017 20:36

بورے والا میں مسیحی طالب کا قتل، ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے،زاہد حامد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے جمعہ کے روز ایوان بالا میں بورے والا میں مسیحی طالب علم شیرون مسیح کے قتل پر خاتون رکن سینیٹ کی طرف سے لائے گئے توجہ دلائو نوٹس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ واقعہ کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ ایس پی لیول کے افسر کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ لی جارہی ہے۔

مذکورہ واقعہ میںملوث افراد کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ سکول ہیڈ ماسٹر کو سروس سے معطل کرد یا گیاہے ۔ قبل ازیں سینیٹر شیریں رحمن نے توجہ دلائو نوٹس پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایم سی ماڈل سکول بورے والا کے طالب علم شیرون مسیح کا قتل گھنائونا اقدام ہے۔ اسلام ہمیں مذہب کے نام پر قتل کی اجازت نہیں دیتا ۔

(جاری ہے)

ایسے ایک سکول میں خدمات سرانجام دینے والے سکول ٹیچر نیاز احمد نے خود اقلیتی طالب کو ’’چوڑا‘‘ کہا اور دیگر طلباء کو آشیرباد دی کہ وہ اس کو قتل کرسکیں ،مجوزہ سکول ٹیچر آج بھی سکول میں موجود ہے، نہیں موجود تو اقلیتوں کیلئے محفوظ پناہ گاہ کہلائے جانے وا لے ملک کا ایک معصوم اقلیتی طالب علم۔

آج ملک بھر میں مذہب کے نام پر تقسیم پھیلائی جارہی ہے آج یقیناً قائد اعظم کی روح پریشان ہوگی ۔ ہماری زمہ داری ہے کہ آنے والی نسلوں کو اسلام اور قائد اعظم کی تعلیمات کا درس دیں ۔سینیٹر شیریں رحمن نے ایوان بالا سے سفارش کی کہ یہ ایوان مجوزہ سکول میں علاقے کے رہائشی تمام اقلیتی طالب علموں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے۔