اسلامی سال نو کے آغاز پر مسلم حکمران امت مسلمہ کے مسائل کے حل کا عہد کریں ،صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی

پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام یکم محرم سے دس محرم تک ’’عشرہ فاروق ؓ و حسین ؓ کو عشرہ امن کے طور پر منایا جائے گا خلیفہ دوم سیدنا فاروق اعظم ؓ کا دورخلافت مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے، سیدنا فاروق اعظم ؓ کے دورخلافت سے رہنمائی حاصل کرکے امت مسلمہ اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرسکتی ہے،چیئرمین پاکستان علماء کونسل

جمعہ 22 ستمبر 2017 20:33

اسلامی سال نو کے آغاز پر مسلم حکمران امت مسلمہ کے مسائل کے حل کا عہد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2017ء) خلیفہ دوم سیدنا فاروق اعظم ؓ کا دورخلافت مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ سیدنا فاروق اعظم ؓ کے دورخلافت سے رہنمائی حاصل کرکے امت مسلمہ اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرسکتی ہے۔ یکم محرم کو سیدنا فاروق اعظمؓ نے جس نماز کی ابتداء کی نواسہ رسولؐ سیدنا حسین ؓ نے دس محرم کو خون میں نہلاکر اس نماز کو مکمل کیا۔

اسلامی سال نو کے آغاز پر مسلم حکمران امت مسلمہ کے مسائل کے حل کا عہد کریں ۔ شام ، عراق،فلسطین ،کشمیر اور برما کے مسلمانوں کو ظلم و بربریت سے نجات دلانے کیلئے مؤثر حکمت عملی اپنائیں۔ پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام یکم محرم سے دس محرم تک ’’عشرہ فاروق ؓ و حسین ؓ کو عشرہ امن کے طور پر منایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اس عشرہ میں علماء ،خطباء اورواعظین فضائل اصحاب رسولؐ و اہلبیت ؓ ،عظمت ازواج مطہراتؓ کوبیان کریں اورتمام مکاتب فکر سے ایک دوسرے کے مسلک ،عقائد ،اکابرین اور مقدسات کے احترام کی اپیل کریں ۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام خلیفہ دوم سیدنا عمر بن خطاب ؓ کے یوم شہادت کے موقع پر جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور ممبر اسلامی نظریاتی کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے جامع مسجد گول میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدنا فاروق اعظم ؓ مراد مصطفی ؐہیں ۔ تمام صحابہ کرام ؓمیںسے آپؓ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ آپؓ کو آنحضرت ؐ نے خدا سے مانگ کرلیا ہے۔

سیدنا فاروق اعظم ؓ اسلام کی وہ عظیم شخصیت ہیں جن کی اسلام کیلئے روشن خدمات،جرأت وبہادری ،عدل وانصاف پر مبنی فیصلوں فتوحات اور شاندار کردار اور کارناموں سے اسلام کا چہرہ روشن ہے۔انہوں نے کہا کہ آپؓ کا دور خلافت مسلمانوں کی بے مثال فتوحات و ترقی اور عروج کا زمانہ تھا ۔مسلمان اس قدر خوشحال ہوگئے تھے کہ زکوٰة دینے کیلئے مستحق زکوٰة کو تلاش کرتے تھے لیکن ان کو زکوٰ ة لینے والا کوئی نہیں ملتا تھا۔

پاکستان علماء کونسل کے وائس چیئرمین مولانا یار محمد عابد نے بہاولپور ،مولانا عبید الرحمن ضیاء نے کمالیہ،پیر جی خالد قاسمی نے فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدنا عمر فاروقؓ نے اپنے دور خلافت میں محکمہ بیت المال ،جیل خانہ اور پولیس کا محکمہ قائم کیا ،عدالتیں قائم کیں اور قاضی مقرر کئے۔ حضرت عمر فاروقؓ کے دورخلافت میں بیت المقدس کو فتح کرنے اور قیصروکسریٰ کو پیوند خاک کرکے اسلام کی عظمت کا پرچم بلند کرنے کے علاوہ شام،مصر،عراق،آذربائیجان ،کرمان،خراسان،آرمینہ سمیت دیگر کئی علاقوں کو فتح کیا گیا۔

مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا شاہ نواز فاروقی نے جامعہ دارالعلوم فاروقیہ گوجرانوالہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدنا فاروق اعظم ؓ نے 22لاکھ 55ہزار مربع میل پر اسلامی سلطنت قائم کی اور رعایا کو ان کے مکمل بنیادی حقوق فراہم کئے حتیٰ کہ آپ ؓ کی سلطنت میں بسنے والی اقلیتیں بھی اپنے آپ کو محفوظ سمجھتی تھیں۔ سیدنا فاروق اعظم ؓ نے اپنے دورخلافت میں عدل وانصاف کی مثال قائم کی۔ حضرت عمر فاروق ؓ کا اسلام لانا بھی رسول اکرم ؐ کا ایک معجزہ تھا۔

متعلقہ عنوان :