سینیٹ اجلاس، الیکشن بل 2017 کی شق 60 میں ترمیم منظور، حق میں39، مخالفت میں 38 ووٹ آئے

ایوان نے میرے فیصلے کے برعکس ووٹ دیا، جب تک یہ بل ایوان کے زیر غور ہے ایوان کی صدارت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، رضا ربانی

جمعہ 22 ستمبر 2017 20:18

سینیٹ اجلاس، الیکشن بل 2017 کی شق 60 میں ترمیم منظور، حق میں39، مخالفت میں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2017ء) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے الیکشن بل 2017کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ مذکورہ بل کی شق 60میں ترمیم ایوان بالا میں پیش کی گئی۔ 39اراکین نے ترامیم کے حق میں اور 38نے مخالفت میں ووٹ دیا، نتیجتاً وہ ترمیم منظور کرلی گئی۔ جب متعلقہ شق زیر غور تھی وزیر قانون و انصاف نے تجویز دی کہ شق 60کی اصل حالت میں بحالی کے لیے ترمیم لائی جائیگی اور ایوان کی منظور کی گئی ترمیم کو منسوخ کردیا جائے ۔

(جاری ہے)

میں نے سینٹ کے قواعد وضوابط و انصرام کار کے ضابطہ 105کے تحت اپنے صوابدیدی اختیارات استعمال کرتے ہوئے انہیں ترمیم لانے کی اجازت نہیں دی۔ تاہم وہ باربار اصرار کررہے تھے اور یہ موقف اختیار کیایہ ترمیم انتہائی اہم ہے اور اراکین بھی اس کو ودبارہ زیر غور لانا چاہتے ہیں۔ جس کے برعکس میں نے اپنا فیصلہ دیاتھا ۔میںنے اس ضمن میں اپنے اختیارات ایوان کو فیصلے کے لیے دے دیئے۔ایوان نے میرے فیصلے کے برعکس ووٹ دیا اور اسی لیے اخلاقی قدروں کو سامنے رکھتے ہوئے میںنے فیصلہ کیا کہ جب تک یہ بل ایوان کے زیر غور ہے ایوان کی صدارت نہ کروں۔