وہاڑی میں مسیحی طالب علم کی اپنے ہم جماعتی طالب علموں کے ہاتھوں تشدد کے باعث ہلاکت کے واقعہ کی وزارت انسانی حقوق سے رپورٹ طلب کر لی ہے،

یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کاسینیٹ میں شیر ی رحمان کے توجہ دلائو نوٹس کا جواب

جمعہ 22 ستمبر 2017 20:04

وہاڑی میں مسیحی طالب علم کی اپنے ہم جماعتی طالب علموں کے ہاتھوں تشدد ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے ایوان بالا کو بتایا کہ وہاڑی کے ایک سکول میں مسیحی طالب علم کی اپنے ہم جماعتی طالب علموں کے ہاتھوں تشدد کے باعث ہلاکت کے واقعہ کی وزارت انسانی حقوق سے رپورٹ طلب کر لی ہے،یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔انسانی حقوق کے وزیر کامران مائیکل مسیحی طالب علم کے خاندان سے اظہار ہمدردی کیلئے ان کے گھر کا دورہ کر چکے ہیں ۔

جمعہ کو ایوان بالا میں سینیٹر شیری رحمان کے پنجاب کے ضلع وہاڑی کے سکول میں کلاس روم کے اندر اپنے ہم جماعتی طالب علم کے ہاتھوں تشدد کے باعث17سالہ مسیحی طالب علم کی ہلاکت پر توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ مسیحی طالب علم شیرون مسیح کے قتل کا مقدمہ درج ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان کی گرفتاری کے لئے ایس ایس پی کی نگرانی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

احمد رضا پر قتل اور دیگر پر اقدام قتل کا مقدمہ ہوا ہے۔ ایک انوسٹی گیشن محکمانہ کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کی سفارش پر چار اساتذہ کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ ہیڈ ماسٹر، ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن ٹیچر سمیت چار اساتذہ کو معطل کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر انسانی حقوق کامران مائیکل نے کہا کہ بورے والا کا چک 61 میں یہ واقعہ پیش آیا۔

اس میں اساتذہ کی مجرمانہ غفلت پائی گئی ہے۔ اساتذہ کو بھی مقدمے میں شامل تفتیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بچہ گھر میں سب سے بڑا تھا۔ دو بھائی اور تین بہنیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو بہتر بنانے کے لئے ہمیں کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شیرون مسیح کے نام سے بورے والا میں سکول بنانے کا اعلان کیا ہے۔ وہاں کے ایم این اے نے سکول بنانے کے لئے جگہ فراہم کی۔

مشنری ادارے اس پر کام کر رہے ہیں۔ ہم یقین دہانی کراتے ہیں کہ ذمہ داروں کو ضرور سزا ملے گی۔ سینیٹر شیری رحمان نے توجہ دلائو نوٹس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ضلع وہاڑی میں سکول کے اندر کلاس روم میں مسیحی طالب علم شیرون مسیح کو ایک ہی گلاس میں پانی پینے پر قتل کر دیا گیا۔ کلاس ٹیچر نیاز احمد کی موجودگی میں سب کچھ ہوا۔ یہ مجرمانہ غفلت ہے۔ اس طرح کا واقعہ ہوتا ہے تو عالمی سطح پر کیا پیغام جاتا ہے۔ اس معاملہ پر ایف آئی آر درج ہے لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی اور وہ استاد ابھی تک پڑھا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :