پاکستانی اسٹارٹ اپ مائیکروپاور لیب نے سنگاپور میں منعقدہ ’ٹیلی نار ڈیجیٹل ونرز ایشیاء ‘ اپنے نام کرلیا

جمعہ 22 ستمبر 2017 19:23

پاکستانی اسٹارٹ اپ مائیکروپاور لیب نے سنگاپور میں منعقدہ ’ٹیلی نار ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2017ء) ٹیلی نار پاکستان کے پروگرام ولاسٹی میں شامل اسٹارٹ اپ مائیکروپاور لیبز(Micropower Labs) نے ٹیلی نار گروپ کے سالانہ ڈیجیٹل ونرز مقابلے میں فتح اپنے نام کرلی ہے۔ ہاورڈویئر ڈیویلپمنٹ میں خصوصی مہارت رکھنے والے اسٹارٹ اپ ، جس نے صرف پندرہ منٹ میں چارج ہونے والے 5000mAHطاقت کا حامل دنیا کا سب سے تیزرفتار پاور بینک متعارف کرایا ہے ،کوایک لاکھ نارویجن کرون کا انعام دیا گیا ہے جس سے اس اسٹارٹ اپ کو ٹیلی نار گروپ کی دیگر ایشیائی مارکیٹس میں فروغ کے لیے کوششیں کرنے کا موقع مل سکے گا۔

اس اعزاز کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے مقابلے کے فاتح مائیکروپاور لیبز کے بانی سی ای او، 24سالہ عبدالله سومرو نے کہا کہ ’’اس سخت مقابلے میں کامیابی پر بے حد خوشی ہے، جس میں ٹیلی نار کی ایشیائی مارکیٹس سے بہت شاندار آئیڈیاز متعارف کرائے گئے ۔

(جاری ہے)

ہم ٹیلی نار کے ساتھ مستقبل میں بھی شراکت قائم کرکے تمام مواقع سے استفادہ کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے‘‘۔

ٹیلی نار گروپ کا ڈیجیٹل ونرز پروگرام مقامی اسٹارٹ اپس کو ایشیاء میں ٹیکنالوجی اور جدید ایکوسسٹم سے جڑے ہوئے بین الاقوامی پلیئرز کے ساتھ منسلک کرتا ہے جن میں سرمایہ کار، ہم عصر اسٹارٹ اپس اور کارپوریٹ پارٹنرز شامل ہیں۔ یہ پروگرام علاقائی توسیع اور نئی مارکیٹ متعارف کرانے کے لیے معلومات اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جس میں ٹیم کی صلاحیتوں میں اضافہ اور ٹیلی نار گروپ کی خدمات کے دائرے میں شامل مخصوص مارکیٹس میں کاروبار کرنے سے متعلق مشاورت اور رہنمائی شامل ہے۔

اس سال ٹیلی نار ولاسٹی نے دو اسٹارٹ اپس کو ڈیجیٹل ونرز ایشیاء مقابلے کے لیے سنگاپور بھیجا تھا جن میں مائیکروپاور لیبز اور آرٹسی شامل ہیں۔ٹیلی نار گروپ کے شعبہ اختراعات کے سربراہ Vegard Aas نے کہا کہ’’ٹیلی نار گروپ صلاحیتوں کی بہتری کے لیے معاونت کی فراہمی کے ساتھ ہمیشہ ڈیجیٹل مصنوعات اور خدمات کے بارے میں بہترین آئیڈیاز کی تلاش میں رہتا ہے۔

اس سال ہم نے پاکستان میں ٹیلی نار ولاسٹی پروگرام کی مائیکروپاور لیبز کا انتخاب کیا ہے کیونکہ یہ مارکیٹ میں متعارف کرانے کے لیے تیار پراڈکٹ ہے۔ یہ پراڈکٹ نہ صرف استعمال میں آسان ہے بلکہ ہمارے اسٹورز میں جگہ حاصل کرکے ہماری ڈسٹری بیوشن کی طاقت سے استفادہ کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔ یہ اسٹارٹ اپ کامیابی کی شاندار مثال ہے جو کسی ایک مارکیٹ میں کامیابی کے بعد اب علاقائی سطح پر فروغ پانے کے لیے تیار ہے۔

‘‘اس بارے میں اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے ٹیلی نار پاکستان کے سی ای او عرفان وہاب خان نے کہا کہ’’میں مائیکروپاور لیبز کی ٹیم کو ڈیجیٹل ونرز ایشیاء میں کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔اس کامیابی سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ پاکستان کے پاس با صلاحیت نوجوانوں کی کوئی کمی نہیں جو مناسب مواقع ملیں تو عالمی سطح پر اپنا لوہا منوا سکتے ہیں۔

یہ شاندار کامیا بی ٹیلی نار ولاسٹی پروگرام کی مہارت کی دلیل ہے جو اسٹارٹ اپس کو مارکیٹ اور بیرونی سرمایہ کاری تک کامیاب رسائی فراہم کرتا ہے۔ میں مائیکروپاور لیبز کے لیے مستقبل میں مزید کامیابیوں اور نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔‘‘مائکروپاور لیبز بڑی ڈیوائسز کے لیے 12000mAH طاقت کے Flashpack Proمتعارف کرانے کی بھی منصوبہ بندی کررہا ہے جبکہ اسمارٹ فونز اور پرسنل کمپیوٹرز کے روز مرہ استعمال کے لیے بھی پاور پیکس کی تیاری کا ارادہ رکھتا ہے۔

اس کے علاوہ یہ "CityOS"کے نام سے ایک نئے کیاسک پر مشتمل منصوبے کی تیاری میں بھی مصروف ہیں جو عوام کو توانائی اور شہری علاقوں میں موبلیٹی سے متعلق خدمات فراہم کرے گا۔ اس سہولت کے ذریعے کیاسکس کے صارفین سے ماحولیاتی ڈیٹا حاصل کرتے ہوئے بلاک چین ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاکر مستقبل میں آمدن کے مواقع مہیا کیے جائیں گے۔ عبدالله سومرو نے مزید کہا کہ ہمارے پاس بہت سے شاندار پروٹو ٹائپ زیر تکمیل ہیں۔

ایک پہنی جانے والی کولنگ ڈیوائس جو شمسی توانائی پرکام کرتی ہے، ا ن میں سے ایک ہے۔ یہ پراڈکٹ 2015میں کراچی میں آنے والی گرمی کی شدید لہر سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے، جس میں 1500 کے قریب انسانی جانوں کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ مائیکرپاور لیبز روزمرہ ضرورتوں کے مطابق مصنوعات تیار کرتی ہے جس کے ڈیزائن اور تیاری کے مراحل میں انسانی ضرورتوں کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ مائیکروپاور لیبز مصنوعات کی تیاری میں ٹیکنالوجی اور ہارڈویئر سسٹم کے ذریعے سماجی ضرورتوں کا حل مہیا کرنے کے بنیادی مقصد کو ہمیشہ اولیت دی جاتی ہے۔ ڈیجیٹل ونرز کا انعقاد اس سال پہلی مرتبہ ٹیلی نار گروپ کے نئے سنگاپور مرکز میں کیا گیا۔