بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے ‘ نیب بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم برآمد کرنے کے لئے تمام وسائل بروکار لارہا ہے، قمر زمان چوہدری

نیب ملتان ہمیشہ آپ کو یاد رکھے گا کیونکہ آپ نے نہ صرف اس کے قیام کے مرحلے میں مسائل کے حل کے لئے کردار ادا کیا،اس کے قیام میں ذاتی دلچسپی لی، چیئرمین نیب

جمعہ 22 ستمبر 2017 19:04

بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے ‘ نیب بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2017ء) قومی احتساب بیورو( نیب ) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے ‘ نیب بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم برآمد کرنے کے لئے تمام وسائل بروکار لارہا ہے اور بدعنوان عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے۔ان خیالات کا اظہار نہوں نے نیب ملتان بیورو کے الوداعی دورے کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان عتیق الرحمٰن نے کہا کہ ہم آپ کے الوداعی دورے پر ملتان آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں۔نیب ملتان ہمیشہ آپ کو یاد رکھے گا کیونکہ آپ نے نہ صرف اس کے قیام کے مرحلے میں مسائل کے حل کے لئے کردار ادا کیا بلکہ اس کے قیام میں ذاتی دلچسپی لی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں تک آپریشنل سرگرمیوں سے جنوبی پنجاب میں بدعنوانی کی روک تھام کے لئے خدمات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔

نیب ملتان نے آپ کی دانشمندانہ قیادت میں دو سال کے قلیل عرصہ میں معاشرے میں سماجی اور ثقافتی تبدیلیاں لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے نیب ملتان کی کارکردگی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ نیب ملتان نے 356 شکایات کی جانچ پڑتال کی ہے 121انکوائریاں ‘ 58 انویسٹی گیشن کیں ہیں اور بدعنوان عناصر سے 81.15ملین نقدی کے علاوہ سینکڑوں پلاٹ اور سرکاری اراضی کی صورت میں بلاواسطہ وصولی کرکے حقداروں تک پہنچائی ہے۔

نیب ملتان نے ضلعی سطح پر 13سیمینار ‘ 4 پیپرا ورکشاپس کا اہتمام کیا ہے جبکہ نوجوانوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کے لئے سکولوں کالجوں اور یونیورسٹی میں 11ہزار کردار سازی کی انجمنیں قائم کیں ہیں۔ نیب ملتان کے افسران کی ہائوسنگ ‘ تعلیم ‘ سرکاری خریداری اوراراضی کے شعبہ میں بدعنوانی کے روک تھام کے لئے محنت ‘ عزم اور حوصلہ نمایاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی قیادت میں نامساعد حالات کے باوجود شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے قیادت کے اعلیٰ معیار قائم کئے ہیں۔ آپ کے دور حکومت میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ‘ نگرانی اور جائزہ کا نظام (ایم ای ایس) ‘ ادارہ جاتی احتساب کا نظام(آئی اے ایم) ‘مقدمات نمٹانے کے لئے اوقات کار کا تعین ‘ معیاری اور مقداری نظام کے تحت سالانہ اور ششماہی انسپیکشن ‘ میرٹ پر بھرتیاں اور سارک کانفرنس کے انعقاد سمیت ادارے میں نئے اقدامات کئے ہیں اور جدت لائی ہے جو سنہری حروف میں لکھی جائے گی۔

عالمی برادری میں پاکستان کے کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے چیئرمین نیب کے لئے صحت ‘ خوشی اور مستقبل میں کامیابی کی دعا کی۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب نے ہمیشہ بلاخوف خطر فرائض کی ادائیگی میں ہماری راہنمائی کی ہے۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی دانشمندانہ قیادت میں نیب ملتان نے بدعنوانی کے خلاف موثر اقدامات کئے ہیں اور بلاامتیاز زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے آگاہی ‘ تدارک اور قانون پر عمل درآمد کے ذریعے بدعنوانی کی روک تھام کے لئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال کے دوران پیشہ واریت ‘ شفافیت ‘ محنت ‘ عزم اور حوصلہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔چیئرمین نیب کی قیادت میں نیب افسران بدعنوانی کی روک تھام کو قومی فرض سمجھ کر کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ انسداد بدعنوانی کے اعلیٰ ادارے کے طور پر پاکستان میں زیرو کرپشن ‘ 100 فیصد ترقی کے حدف کے حصول کے لئے تمام افسران اپنی کوششوں سے دوگنا کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ جیسی مضبوط قیادت اور انسداد بدعنوانی کی موثر حکمت عملی پر عملدرآمد سے ادارہ درست سمت میں گامزن ہوگیا ہے جس کے باعث نیب ملتان کی کارکردگی شاندار رہی ہے ۔ہم نے بدعنوان عناصر کو پکڑا ہے اور ان سے لوٹی ہوئی رقم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائی ہے انہوں نے گزشتہ چار سال کے دوران چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی نمایاں خدمات کو سراہا۔

جس کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے نیب ملتان کے افسران سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب کی حیثیت سے میں نے ادارے میں شاندار وقت گزارا ہے ‘ میں نے نیب میں اصلاحات کے ذریعے بدعنوانی کی روک تھام کے لئے بہترین کوششیں کیں ہیں کیونکہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب ہر قسم کی بدعنوانی کو آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہے۔

میرے دور میں کی گئی اصلاحات کے باعث پلڈاٹ ‘ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل اور عالمی اقتصادی فورم نے بدعنوانی کی روک تھام کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری راہنمائی اور سرپرستی میں نیب کے طریقہ کار میں بہتری کے باعث یہ قوم کی امنگوں پر پورا اترنے کے لئے مزید موثر اور فعال ادارہ بن چکا ہے۔ دوسرے تمام انسداد بدعنوانی کے اداروں کے مقابلے میں ہماری کارکردگی شاندار رہی ہے۔

اب نیب افسران اپنے فرائض پیشہ ورانہ انداز میں شفافیت اور قانون کے مطابق ادا کررہے ہیں۔ نیب نے گزشتہ چار سال کے دوران 50 ارب وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں جو کہ نمایاں کامیابی ہے انہوں نے کہا کہ 2014ء کے مقابلہ میں 2017ء کے اس عرصہ کے دوران نیب کو دوگنا شکایات ‘ انکوائریاں اور انویسٹی گیشن موصول ہوئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنے قیام سے لیکر اب تک 290ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں جو کہ نیب کے تمام شعبوں کے افسران کی محنت ‘ عزم اور پیشہ واریت اور شفافیت کا عکاس ہے انہوں نے کہا کہ نیب آج سارک اینٹی کرپشن کا چیئرمین ہے ۔

نیب واحد ادارہ ہے جس نے چین کے ساتھ سی پیک کے تحت منصوبوں کی نگرانی کے لئے انسداد بدعنوانی کے شعبہ میں مفاہت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیب نے اسلام آباد میں اپنی فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی ہے جس میں ڈیجیٹل فرانزک ‘ سوالیہ دستاویزات اور فنگر پرنٹ کے تجزیئے کی سہولت موجود ہے انہوں نے کہا کہ نیب نے مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کے لئے شکایات کی جانچ پڑتال سے انکوائری‘ انویسٹی گیشن اور احتساب عدالتوں میں مقدمات درج کرانے کے لئے 10ماہ کا عرصہ مقرر کیا ہے۔

نیب نے سپروائزری افسران کی اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے۔یہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ڈائریکٹر ‘ ایڈیشنل ڈائریکٹر ‘ انویسٹی گیشن آفیسر اور سینئر دیگر کونسل پر مشتمل ہے اس سے نہ صرف نیب کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے بلکہ کوئی بھی شخص نیب کی تحقیقات پر اثر انداز نہیں ہو سکتا۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے نتائج حوصلہ افزاء ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملتان نیب کا اہم علاقائی بیورو ہے جو نیب کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ادا کررہا ہے انہوں نے نیب ملتان کی کارکردگی کو سراہا اور تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے مزید محنت ‘ دیانتداری اور عزم سے کام کریں۔انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان عتیق الرحمٰن کی سربراہی میں نیب ملتان کی کارکردگی قابل تعریف ہے اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی شاندار کارکردگی کا تسلسل جاری رہے گا۔ اس سے پہلے نیب ملتان آمد پر چیئرمین نیب کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :