وزیراعلیٰ پنجاب کی سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فوج کی فائرنگ و گولہ باری کی شدید مذمت

قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس، شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار

جمعہ 22 ستمبر 2017 18:30

وزیراعلیٰ پنجاب کی سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فوج کی فائرنگ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فوج کی فائرنگ و گولہ باری کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بھارتی فائرنگ اور گولہ باری کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے بھارتی فائرنگ و گولہ باری کے باعث نقل مکانی کرنے والوں کیلئے ریلیف کیمپس قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریلیف کیمپس میں لوگوں کو ضروری سہولتوں کی فراہمی جاری رکھی جائے اور ان کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

پاک افواج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور پوری قوم بہادر پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے۔بھارت نہ صرف لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کر رہا ہے بلکہ ورکنگ باؤنڈری کی بھی خلاف ورزی کر رہا ہے ۔لیکن دشمن سن لے ہما ر ے حو صلے ہما لیہ سے بھی زیا دہ مضبو ط اور بلند ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ہے اور ہدایت کی ہے کہ زخمی افراد کو ہرممکن طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے ریلیف کیمپس قائم کر دیئے ہیں۔