سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد میں تعمیراتی ضابطہ اور سوک ریگولیشنز پر عمل درآمد نہ کرنے کے حوالے سے خصوصی کمیٹی کی تشکیل سے متعلق تحریک منظور

جمعہ 22 ستمبر 2017 16:59

سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد میں تعمیراتی ضابطہ اور سوک ریگولیشنز ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2017ء) ایوان بالا میں سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد میں تعمیراتی ضابطہ اور سوک ریگولیشنز پر عمل درآمد نہ کرنے کے حوالے سے خصوصی کمیٹی کی تشکیل سے متعلق تحریک منظور کرلی گئی۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں قائد ایوان سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق اور قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد میں تعمیراتی ضابطہ اور سوک ریگولیشنز پر عمل درآمد نہ کرنے کے حوالے سے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کے لئے تحریک پیش کی۔

(جاری ہے)

تحریک میں کہا گیا کہ سینیٹرز سید مظفر حسین شاہ، کرنل (ر) سید طاہر حسین مشہدی، تاج حیدر، محمد محسن خان لغاری، محمد جاوید عباسی، عائشہ رضا فاروق، باز محمد خان اور نعمان وزیر خٹک پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے جو سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد میں تعمیراتی ضابطہ اور سوک ریگولیشنز پر عمل درآمد نہ کرنے بالخصوص سیکٹر ایچ 13 میں غیر قانونی تعمیرات اور سیکٹر ای الیون اور اس کے ارد گرد اونچی عمارتوں کی تعمیر شامل ہے، نجی حاصل شدہ زمینوں پر تعمیرات کے انضباط کی پالیسی کا جائزہ لے اور اپنی سفارشات تیار کرے۔ ایوان بالا نے اتفاق رائے سے تحریک کی منظوری دے دی۔