سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان (آج) کیا جائے گا‘چیف سلیکٹر انضمام الحق

فاسٹ بائولرز کا انتخاب کیا جائیگا،یاسر شاہ کی فٹنس اور ٹیم میں شمولیت سے متعلق حتمی مشاورت ہوگی، اظہر علی ٹیم کا حصہ ہوں گے ٹیم کا انتخاب صرف اور صرف میرٹ پر کیا جائیگا ،ٹیم کے انتخاب کیلئے ہیڈ کوچ ،کپتان سے مشاورت کی گئی ہے‘ قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو

جمعہ 22 ستمبر 2017 16:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2017ء) سری لنکا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کے لئے قومی ٹیم کا اعلان آج ( ہفتہ ) کیا جائے گا ۔قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان آج ہفتہ کے روز کیا جائے گا جس میں 5 فاسٹ بائولرز کا انتخاب کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کا انتخاب صرف اور صرف میرٹ پر کیا جائے گا ،ٹیم کے انتخاب کیلئے ہیڈ کوچ اور کپتان سے مشاورت کی گئی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ یاسر شاہ کی فٹنس اور ٹیم میں شمولیت سے متعلق حتمی مشاورت ہوگی،یاسر شاہ کا ایک اور فٹنس ٹیسٹ لیا جائے گا اگر وہ فٹ ہوئے تو انہیں ٹیم میں شامل کرلیا جائے گا ، اظہر علی مکمل فٹ ہیں اور وہ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

چیف سلیکٹر کے مطابق یاسر شاہ اہم بائولر ہیں اس لئے ان کے فٹنس ٹیسٹ کا انتظار ہے جبکہ اظہر علی کی فٹنس میں بہتری آئی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز متحدہ عرب امارات میں ہو گی،دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا باقاعدہ آغاز 28 ستمبر کو ابوظہبی کے شیخ زیدسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا۔

متعلقہ عنوان :