معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے برآمدی شعبہ کے مسائل حل کیے جائیں ‘عارف قاسم

برآمدی شعبہ کو مراعات دینے کیلئے نوٹیفکیشن فی الفور جاری کیا جائے‘ صدربورڈ آف مینجمنٹ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ

جمعہ 22 ستمبر 2017 16:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2017ء) تاجر رہنما سابق صدر بورڈ آف مینجمنٹ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور نے کہا ہے کہ معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے برآمدی شعبہ کے مسائل حل کیے جائیں اور حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 180ارب روپے کے برآمدی پیکیج پر بلاتاخیر عمل درآمد کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوںنے کہا کہ ٹیکسٹائل پیکیج کے نتیجہ میں برآمدات میں اضافہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یکم جولائی 2017ء کے بعد کی جانے والی برآمدات کیلئے بھی مراعات دینے کا نوٹیفیکشن فی الفور جاری کیا جائے انہوںنے کہا کہ جولائی اگست 2017ء کے دو ماہ کے دوران پچھلے سال کی نسبت 11.80فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔یہ اضافہ ٹیکسٹائل پیکیج کے تحت دی جانے والی مراعات کا نتیجہ ہے اور حکومت کو اس پیکیج کے تحت دی جانے والی مراعات کو آئندہ بھی برقرار رکھنا ہے تاکہ درآمدات اور برآمدات کے فرق کو ختم کیا جاسکے اور تجارتی خسارہ میں کمی ہو ۔

(جاری ہے)

عارف قاسم نے کہا کہ زراعت کے بعد سب سے زیادہ زرمبادلہ کمانے والا ٹیکسٹائل شعبہ توانائی کی فراہمی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور دیگر مسائل کی وجہ سے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے سے قاصر ہے انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹرز کے ریفنڈز کی فوری ادائیگی کی جائے تاکہ وہ سرمائے کی کمی کا شکار نہ ہوں اور یکسوئی سے ملکی برآمدات میں اضافہ کرکے حکومت زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور تجارتی خسارہ میں کمی کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :