حکومت عوام کو ریلیف دینے میں بُری طرح ناکام ہو گئی ہے‘عزیز الرحمن چن

جمعہ 22 ستمبر 2017 16:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر عزیز الرحمن چن نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور پٹرولیم مصنوعات کی قلت پر حکومت کو شدید ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں بُری طرح ناکام ہو گئی ہے،مسلم لیگ (ن) کی قیادت میٹرو منصوبوں میں مگن ہے حکومت آئے روز بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غر یبوں کا خون نچوڑ رہی ہے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام سے زیادتی ہے حکومت فی الفور اضافہ واپس لے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک نہیں پہنچ سکے اور دوسری طرح پٹرولیم مصنوعات کی قلت کی وجہ سے بھی خوار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کو فوری طور پر بجلی کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام کو ریلیف دے اور پٹرول کی قلت پیدا کرنے والے عناصر کی بھی سرکوبی کی جائے۔