نیب نے نوازشریف اور اسحاق ڈار کی رہائشگاہ پر نوٹسز بھیج دیئے

جاتی امرا میں نوازشریف کی رہائش گاہ کسی کو فروخت نہیں کی جاسکے گی ،ْ نیب حکام

جمعہ 22 ستمبر 2017 16:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2017ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پر نوٹسز بھیج دیئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر ہوچکے ہیں جس پر عدالت کی جانب سے طلب کیے جانے کے باوجود بھی شریف خاندان اور اسحاق ڈار پیش نہیں ہوئے جبکہ عدالت نے اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے ہیں۔

نیب کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی جانب سے جاری نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اسلام آباد کے بعد لاہور میں بھی ان کی رہائش گاہ پر نوٹس بھیج دیا جو انہیں رات گئے وصول کرایا گیا ہے۔دوسری جانب نیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی جاتی امرا میں رہائش گاہ پر بھی نوٹس چسپاں کردیا ہے اور نوٹسز جاتی امرا کے گھر کے مین گیٹ پر چسپاں کرائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ نوٹسز پر نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے نام پردرج ہیں۔نیب کا کہنا ہے کہ جاتی امرا میں نوازشریف کی رہائش گاہ کسی کو فروخت نہیں کی جاسکے گی۔نیب کے مطابق نوٹس کی کاپیاں چیئرمین ایس ای سی پی ، ڈی جی ایکسائز پنجاب ،ڈی سی لاہور اور تمام بینکوں سمیت دیگر متعلقہ حکام کو بھجوادی گئیں۔واضح رہے کہ شریف خاندان کے خلاف تین ریفرنس دائر کیے گئے ہیں جو لندن فلیٹس اور آف شور کمپنیوں سے متعلق ہیں جبکہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے رکھنے پر ریفرنس بنایا گیا ہے۔