آباد ی میں بے ہنگم اضافے سے سنگین مسائل پیدا ہو رہے ہیں،ڈپٹی کمشنر جہلم

جمعہ 22 ستمبر 2017 16:30

جہلم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2017ء)ڈپٹی کمشنر جہلم اقبال حسین خان نے کہاہے کہ آباد ی میں بے ہنگم اضافے سے سنگین مسائل پیدا ہو رہے ہیں اور عوامی سطح پر معیار زندگی پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ، لوگوںمیں چھوٹے کنبے کی افادیت اور اہمیت اجاگر کرنے کے لئے عوامی شعوری بیداری کے پروگرامو ں کو موثر بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر جہلم اقبال حسین خان کی زیرصدارت پاپولیشن ویلفئیر کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس میںڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفئیرآفیسرحسن خالد وڑائچ ، چیف ایگزیکٹو آفیسر تعلیم ملک واجد حسین،ڈسٹرکٹ ڈیموگرافک مریم نعیم،محکمہ صحت اور فیلڈ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں محکمہ بہبود آبادی کی سرگرمیوں اور خدمات کا جائزہ لیا گیا اور کارکردگی میں بہتری کے لئے مختلف تجاویز پرغور کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر جہلم اقبال حسین خان نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے آبادی کے بے ہنگم پھیلاو کو روکنے کے لئے کئی پروگرام شروع کئے گئے ہیں جن میں ماںاور بچے کی صحت ، تولیدی صحت کی سہولیات کی فراہمی، دیہی سطح پر مانع حمل ادویات اور طریقوں کے استعمال کی آگاہی ، فلاحی مراکز میں شادی شدہ جوڑوں کو کنبہ وسائل کے مطابق رکھنے کی ترغیب اور سرجیکل کیمپس کا انعقاد شامل ہے ۔

اقبال حسین خان نے کہاکہ سماجی بہبود کے ادارے بہبود آبادی کی مہم میں شریک ہو کر تولیدی صحت کی سہولیات کی آگاہی میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ خوشحال خاندان کے لئے کی جانے والی کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہو سکیں۔ انہوں نے کہاکہ بڑھتی ہوئی آبادی قومی وسائل کو گھن کی طرح کھا رہی ہے اور اس کی وجہ سے بے شمار ایسے مسائل پیدا ہورہے ہیں جن کے حل کے لئے کثیر مالی وسائل درکا رہیں۔

آبادی میں اضافے سے صحت عامہ کے مسائل بھی بڑھ رہے ہیں جن پر قابو پانے کے لئے موثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ا جلاس کے دوران حسن خالد وڑائچ نے ضلعی سطح پر بہبود آبادی کے بارے میں جاری سرگرمیوںکی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں مختلف محکموں کے ساتھ ملکر مختلف فلاحی سرگرمیاں جاری ہیں ۔ اجلاس کے شرکاء نے مختلف تجاویز پیش کیں ۔