حکومت سندھ نے دیگر شعبوں کی طرح صوبے میں نظام تعلیم کا بھی بیڑا غرق کردیا ہے،عالمگیر خان

نجی سکولوں کی جانب سے اسکولوں کی فیسوں میں من مانے اضافے پر حکومت کاکردار خاموش تماشائی کا ہے،بانی صدر فکس اٹ نجی سکولوں نے اپنی روش برقرار رکھی تو فکس اٹ ماضی کی طرح اس عوامی مسئلے پر بھی بھرپور تحریک کا آغاز کرے گی،پریس کانفرنس

جمعہ 22 ستمبر 2017 15:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2017ء) فکس اٹ کے بانی صدر عالمگیر خان نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے دیگر شعبوں کی طرح صوبے میں نظام تعلیم کا بھی بیڑا غرق کردیا ہے ۔نجی اسکولوں کی جانب سے اسکولوں کی فیسوں میں من مانے اضافے پر حکومت کاکردار خاموش تماشائی کا ہے ۔پیپلزپارٹی کی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ہر معاملے میں عدالت کو مداخلت کرنی پڑرہی ہے اور اب نجی اسکولوں کی فیسوں کے حوالے سے بھی سندھ ہائی کورٹ نے احکامات جاری کیے ہیں ۔

نجی اسکولوں نے اپنی روش برقرار رکھی تو فکس اٹ ماضی کی طرح اس عوامی مسئلے پر بھی بھرپور تحریک کا آغاز کرے گی ۔ہم کراچی کے طالب علموں اور ان کے والدین کو کسی صورت بھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹرمحسن اورترجمان مرکزی میڈیا سیل فکس اٹ امبرنعیم اور دیگربھی موجود تھے۔

عالگیر خان نے کہا کہ کراچی کے شہری پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی کارکردگی کی وجہ سے پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں ۔شہر کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکا ہے ۔شہریوں کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں ہے ۔شہر میں گٹر کے ڈھکن تک موجود نہیں ہیں ۔حکومت کی جانب سے صرف ترقی دعوے ہی کیے جاتے ہیں جبکہ عملا صورت حال یکسر مختلف ہے ۔انہوںنے کہاکہ صوبے کو کھنڈر میں تبدیل کرنے کے بعد صوبائی حکومت نے شعبہ تعلیم کا بھی بیڑہ غرق کردیا ہے ۔

اندرون سندھ کے سرکاری اسکول وڈیروں کی اوطاقوں میں تبدیل ہوچکے ہیں ۔سندھ کے حکمرانوں کے پاس عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے کوئی وژن موجود نہیں ہے ۔ کراچی میں نجی اسکولز مافیا نے ایک مرتبہ پھر فیسوں میں من مانا اضافہ کردیا ہے جس پر طلبااور ان کے والدین سراپا احتجاج ہیں لیکن حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے ۔والدین اور بچے سڑکوں پر رل رہے ہیں اور حکمران چین کی بانسری بجانے میں مصروف ہیں ۔

عالمگیر خان نے کہا کہ تمام حکومتی ادارے اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں ۔ہر معاملے پر عدالتوں کو مداخلت کرنا پڑرہی ہے ۔نجی اسکولوں کی فیسوں کے معاملے پر بھی سندھ ہائی کورٹ نے واضح احکامات جاری کیے ہیں اور اسکولوں کو فیسوں میں اضافے سے روک دیا ہے لیکن نجی اسکولز عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کررہے ہیں ۔نجی اسکولز کی ہٹ دھرمی کے باوجود حکومت سندھ کوئی کردار ادا کرنے کے لیے تیار نظر نہیں آتی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ نااہل حکمرانوں سے اب کوئی توقع نہیں رکھی جاسکتی ہے ۔ہم نے پہلے بھی عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کی ہے اور اب بھی کراچی کے طلبااور ان کے والدین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔نجی اسکولز نے اگر عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا تو ان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے ۔میں والدین سے بھی کہنا چاہتا ہوں کہ اگر کوئی نجی اسکول فیسوں میں بلاجوا ز اضافہ کررہا ہے تو اس کی اطلاع فکس اٹ کو دیں ۔ہم ہر پلیٹ فارم پر اس ظلم کے خلاف جدوجہد کریں گے اور اپنی ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :