پنجاب میں زرعی سروس سنٹرز کے قیام پر 1 ارب 80 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے

آم، سٹرس فروٹ، امرود، آلو، کپاس اور چاول کے کاشتکاروں کو زرعی مشینری مفت فراہم کی جائے گی

جمعہ 22 ستمبر 2017 15:51

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2017ء) محکمہ زراعت پنجاب زرعی پیداوار کے فروغ اور کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے پیداواری مقابلوں کے کامیاب کاشتکاروں میں کروڑوں روپے کی مشینری مفت تقسیم جبکہ صوبے کے تمام اضلاع میں نجی شعبے کے اشتراک سے اعلیٰ ٹیکنالوجی کی حامل زرعی مشینری کے سروس سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے ۔

یہ مراکز جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے فار م کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔زرعی مشینری سرو س سنٹرز کے قیام کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 13اکتوبرہے،زرعی سروس سنٹرز منصوبے پر 1ارب 80کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔زرعی ترجمان نے بتایاکہ زرعی مشینری کے سروس سنٹرز پنجاب کے تمام اضلاع میں قائم کیے جائیں گے جہاں سے جدید ترین ہائی ٹیک زرعی مشینری مقامی کاشتکاروں کو بوقت ضرورت ارزاں کرائے پر استعمال کے لیے فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

زرعی ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ زرعی مشینری سروس سنٹرز کے لیے بیرون ملک سے درآمد کی جانے والی ہائی ٹیک زرعی مشینری مکمل طور پر ڈیوٹی فری بھی ہو گی جس کا مقصد ملک میں مشینی کاشت کو فروغ دینا ہے ۔کاشتکاروں کو زرعی مشینری کی مفت فراہمی کے حوالے سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر انفارمیشن پنجاب نوید عصمت کاہلو نے بتایاکہ ملکی تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں ضلعی اور صوبائی سطح پر فصلوں اور پھلوں کے پیداواری مقابلہ جات (2017-18)کا انعقاد کیا جائے گا ، ان مقابلہ جات کا مقصد کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کرنے کے علاوہ ان میں مزید لگن اور جذبہ پیدا کرنا ہے کیونکہ کسان کی محنت سے ہی زرعی معیشت ترقی کرے گی۔

نوید عصمت کاہلو نے اے پی پی کو بتایاکہ پیداواری مقابلہ جات میں حصہ لینے کے لیے 6کیٹیگریز ترتیب دی گئی ہیں جن میں آم ،کنو یا سٹرس فروٹ ،امرود ،آلو ،کپاس اور چاول شامل ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ ان فصلات کے کاشتکار ،باغبان فصل کی تیاری تا اختتام مقابلے کا حصہ ہوں گے ۔اس حوالے سے مقابلہ جات کے کامیاب کاشتکاروں کا انتخاب ضلعی و صوبائی سطح پر شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کیاجائے گا اور ہر کیٹیگری کے اول دوم اور سوم آنے والے کاشتکاروں کو متعلقہ کیٹیگری کی مناسبت سے مشینری کی صورت میں انعامات دیئے جائیں گے ۔

انہو ں نے بتایاکہ کامیاب کاشتکاروں میں لیزر لینڈ لیولر،میظ پلانٹر، ٹریکٹر سپریئر ، ہاٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ ، ٹریکٹر والی ٹرالی، پوٹیٹو ڈگر،زیروٹیلج ڈرل،ویل ہیرو بمعہ انجن، آرچرڈ سپرئیر،ڈسک ہیرو ،ربیع پلانٹر ،روٹا ویٹر/آف سیٹ روٹاویٹر، بوم سپرئیر،ڈی ایس آرڈرل،کاٹن رجر،میزشریڈر تقسیم کئے جائیں گے۔نوید عصمت نے کہاکہ مقابلے کے کامیاب کاشتکاروں کو مشینری کی صورت میں انعامات دینے کا مقصد یہ ہے کہ کاشتکاروں میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کا رجحان پیدا ہوسکے کیونکہ جدید مشینری سے کسان نہ صرف فصل کی پیداوار فی ایکٹر میں اضافہ کرسکے گا بلکہ وہ کم وقت میں زیادہ فصل حاصل کرسکے گا۔

متعلقہ عنوان :