دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے کے لئے تین سالہ منصوبہ شروع

محکمہ زراعت نے اعلیٰ قسم کے چارہ جات کی فراہمی کے منصوبہ پر کام شروع کر دیا

جمعہ 22 ستمبر 2017 15:50

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2017ء) محکمہ زراعت پنجاب نے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے کے لیے تین سالہ منصوبہ شروع کر دیا ۔محکمہ زراعت پنجاب کے ذرائع نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ مویشیوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے صحت بخش چارہ جات بنیادی اور کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ۔انہی حقائق کے پیش نظر محکمہ زراعت نے جانوروں کی دودھ کی مقدار زیادہ کرنے اوراسے غذائیت سے بھر پور بنانے کے لئے اعلی قسم کے چارہ جات کی فراہمی کے منصوبہ پر کام شروع کردیا ہے۔

یہ منصوبہ تین سال پر مشتمل ہے۔ مویشی پال حضرات کو صحت بخش اور غذائی عناصر سے بھرپور چارہ جات کی فراہمی کے لیے محکمہ زراعت نے مویشیوں کے چارہ برسیم، لوسرن اور چری کے بیج بنا تیار کرکے پنجاب سیڈ کارپوریشن اور نجی اداروں کو فراہم کر دیئے ہیں تاکہ ان چارہ جات کی فصلات کی کاشت کو فروغ دے کر تازہ چارے کے حصول کویقینی بنایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

لائیو سٹاک و زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھانے کے لیے چارہ جات بہت اہمیت کے حامل ہیں۔

محکمہ زراعت پنجاب کے تیار کردہ چارہ جات سے جانوروں کے دودھ کی مقدار میں اضافہ ہونے کے ساتھ ان کی غذائیت بھی بڑھ جائے گی۔ماہرین نے کہا کہ اس حوالے سے مویشی پال حضرات میں شعور اجاگر کرنے کی ضرور ت ہے کہ وہ بہترین چارہ جات استعمال کریں۔ پنجاب زرعی صوبہ ہے اور یہاں ہر کسان نے جانور پال رکھے ہیں لیکن کسان ان جانوروں کے لیے معیاری چارہ جات فراہم نہیں کرتا جس سے دودھ کی مطلوبہ مقدار حاصل نہیں ہوتی۔