پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف دنیا کا سب سے بڑا آپریشن کیا،شاہد خاقان عباسی

جمعہ 22 ستمبر 2017 16:29

پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف دنیا کا سب سے بڑا آپریشن کیا،شاہد خاقان ..
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف پاکستان کے لاکھوں فوجی جوان خدمات انجام دے رہے ہیں جب کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف دنیا کا سب سے بڑا آپریشن کیا۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ میں کام کرنے والے پاکستانیوں سے ملاقات کی اور اس طرح انہوں نے اقوام متحدہ میں کام کرنے والے پاکستانیوں سے ملاقات کرنے والے پہلے پاکستانی وزیراعظم ہونے کا شرف حاصل کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں کام کرنے والے پاکستانیوں کو ملک کی معاشی بہتری سے متعلق بریف کیا۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں سلامتی صورتحال بہتر اور جمہوریت مضبوط ہے، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے لاکھوں فوجی جوان خدمات انجام دے رہے ہیں جب کہ اقوام متحدہ میں فرائض انجام دینے والے پاکستانی امن کیلئے کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف دنیا کا سب سے بڑا آپریشن کیا۔ دریں اثنا ء وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے مائیکرو سوفٹ کے بانی اور بل اینڈ ملینڈا گیٹس کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بل گیٹس نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بل گیٹس نے پاکستان میں حفاظتی ٹیکوں سمیت دیگر شعبوں میں بھی کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے پاکستان میں عام آدمی کیلئے مالیاتی خدمات کے نظام میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔ بل گیٹس نے پولیو فری پاکستان کیلئے وزیر اعظم کیعزم کی بھی تعریف کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے بل گیٹس فاؤنڈیشن کی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ علا وہ ازیں نیویارک میں ملیحہ لودھی اور خواجہ آصف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بتایا کہ یہاں ہماری پاکستان میں انسداد پولیو کے لیے کام کرنے والے بل گیٹس سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ او آئی سی میں روہنگیا سے متعلق اجلاس میں شرکت کی اور ورلڈ بینک کے سی ای او سے بھی ملاقات ہوئی۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کا موقف آج وضاحت اور موثر انداز میں پیش کیا جس کو ہر جانب سے پذیرائی ملی ہے۔شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ نائب امریکی صدر پینس سے بھی تفصیلی ملاقات ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن چاہتے ہیں۔

چاہتے ہیں کہ افغان اپنے معاملات خود طے کریں اور ہم اس میں معاونت کریں۔صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ کیبنٹ میں کوئی ردو بدل نہیں ہورہا۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں ہونے والے مظالم پر ڈھائی سو سے تین سو صفحات پر مشتمل ڈوزیئر پیش کیا ہے۔ شاہد خاقان کے کہا کہ ہمیں کوئی شبہ نہیں کہ ہم نے حقیقت بیان کی کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے نہیں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے اس دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے جس کا باقی فورسز نے سامنا نہیں کیا۔ آج دنیا میں کوئی ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ کررہا ہے تو وہ پاکستان ہے۔