مشرف آصف زرداری پر الزام کی بات پہلے بھی کر چکے ، سعید غنی

سابق صدر بے نظیر بھٹو قتل کیس کے عدالتی فیصلے پر اپیل سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں، خود کو بے گناہ سمجھتے ہیں تو عدالت کے سامنے پیش ہوں، نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 22 ستمبر 2017 16:30

مشرف آصف زرداری پر الزام کی بات پہلے بھی کر چکے ، سعید غنی
اسلا م آ با د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2017ء) پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنینے کہاہے کہ سابق صدر پرویز مشرف بے نظیر بھٹو قتل سے متعلق آصف زرداری پر الزام کی بات پہلے بھی کر چکے ہیں۔ایک نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو قتل کیس میں پرویز مشرف کا نام ہے اور وہ وطن واپس آئیں اور عدالت میں اپنی صفائی دیں۔

سعید غنی نے کہا کہ پرویز مشرف آصف زرداری پر پہلے بھی الزام لگا چکے ہیں اور ان کے الزامات سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ بے نظیر بھٹو قتل کیس کے عدالتی فیصلے پر اپیل سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ بے نظیر بھٹو قتل کیس کی تحقیقات کے نتیجے میں پرویز مشرف پر کیس چلا اور عدالت سے مفرور ہونے کے بعد اب وہ ملک سے باہر بیٹھ کر الزام تراشی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سعید غنی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ایف آئی اے اور اقوام متحدہ سے بے نظیر بھٹو قتل کیس کی تحقیقات کرائیں تاہم اس کیس کے فیصلے سے ہماری جماعت اتفاق نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے مرتضیٰ بھٹو کے قتل کا ذمہ دار بھی آصف زرداری کو ٹہھرایا لیکن وہ نامزد تھے لیکن عدالت نے انہیں اس مقدمے میں باعزت بری کیا۔سعید غنی نے کہا کہ اگر پرویز مشرف خود کو بے نظیر بھٹو قتل کیس میں بے گناہ سمجھتے ہیں تو عدالت کے سامنے پیش ہوں۔