بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے معصوم شہریوں کی شہادت ، بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر لیا گیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعہ 22 ستمبر 2017 15:03

بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے معصوم شہریوں کی شہادت ، بھارتی ہائی کمشنر ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار - 22ستمبر 2017ء ):بھارت کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کرنے کے معاملے پر بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبانوالہ کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا گیا ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھارتی فورسز کی جانب سے چاردہ اور ہرپال سیکٹر میں ورکنگ باونڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کی ۔فائرنگ کے نتیجے میں 7افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہو چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

بھارت کی سرحدی خلاف ورزی پر بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبانوالہ کو دفترخارجہ بلا کر شدید احتجاج کیا ۔قائم مقام سیکریٹری خارجہ اعتزازاحمد نے احتجاج ریکارڈ کروایا۔دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت 2003فائر بندی معاہدے کی پاسداری کرے ۔اس موقع پر بھارتی ہائی کمشنر کو پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے مراسلہ دے دیا گیا ۔