گیس کنکشن لگوانے کیلئے اراکین اسمبلی کی سفارش کیخلاف درخواست پر مزید کارروائی 10 اکتوبر تک ملتوی

جمعہ 22 ستمبر 2017 15:08

گیس کنکشن لگوانے کیلئے اراکین اسمبلی کی سفارش کیخلاف درخواست پر مزید ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے گیس کنکشن کیلئے اراکین اسمبلی کی سفارش کیخلاف درخواست پر ریمارکس دیئے ہیں کہ اراکین اسمبلی کس طرح اور کس قانون کے مطابق کنکشن لگوا سکتے ہیں،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے مقامی شہری طارق محمود کی درخواست پر سماعت کی جس میں ارکان اسمبلی کی سفارش پر سوئی گیس کنکشن دینے کی نشاندہی کی گئی، سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے تردید کی کہ اراکین اسمبلی کی سفارش پر سوئی گیس کنکشن دیئے جاتے ہیں، سرکاری وکیل نے سوئی گیس کے رولز عدالت میں پیش کئے ، جسٹس شاہد جمیل خان نے واضح کیا کہ اگر کوئی بے ضابطگی پائی گئی تو محکمہ کے افسران ذمہ دار ہونگے، درخواست گزار نے الزام لگایا کہ ا یم این اے کی مہر کے بغیر محکمہ سوئی گیس صارفین کی درخواست بھی نہیں لے رہا اور گیس کنکشن کو سیاسی طور پر استعمال کیا جارہا ہے، درخواست گزار نے بتایا کہ سیاسی مخالفین کو کنکشن لگوانے کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے قرار دیا کہ گیس کنکشن کی درخواستیں واپس کرنے کاصوابدیدی اختیار کلرک کے پاس نہیں ہونا چاہیئے، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا گیس کنکشن کی درخواست پر اعتراض کا کوئی ریکارڈ رکھا جاتا ہے، عدالت نے درخواست پر مزید کارروائی 10 اکتوبر تک ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :