این اے120میں 12فیصد ووٹرز کی تصدیق نہیں ہوسکی،الیکشن کمیشن

جمعہ 22 ستمبر 2017 15:00

این اے120میں 12فیصد ووٹرز کی تصدیق نہیں ہوسکی،الیکشن کمیشن
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 ستمبر2017ء) سیکرٹری الیکشن کمیشن بابریعقوب نے کہاکہ این ای120ضمنی الیکشن میں 12فیصد ووٹرز کی تصدیق نہیں ہوسکی،الیکشن کمیشن بائیومیٹرک مشینوں کے استعمال پر مطمئن نہیںہے،2018کے انتخابات میں بائیومیٹرک مشینیں اور الیکٹرانک مشینیں استعمال نہیںہوں گی،کیونکہ قانون میں کہا گیا کہ ان مشینوں کو صرف پائلٹ پروجیکٹ کے طورپر استعمال کیا جاسکتا ہے،عام انتخابات میں اگر 12فیصد ووٹ تصدیق نہ ہوں توایک کروڑ 16لاکھ ووٹرزکی پورے ملک میں تصدیق نہیں ہوسکے گی،عام انتخابات میں2018 میں یہی شرح رہی تو انتخابات کی شفافیت پر سوالات اٹھیں گے۔

جمعہ کو سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے کوشاں ہے،الیکشن کمیشن نے این ای120میں 39پولنگ اسٹیشنز پر100مشینیں تجرباتی طورپر استعمال کیں،ابتدائی رپورٹ کے مطابق 22ہزار181ووٹرز نے ان مشینوں کا استعمال کیا۔

(جاری ہے)

39پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی تعداد57265تھی۔

30978 مردا ور20959خواتین ووٹرز تھیں،تمام ووٹرز کا ڈیٹا بائیومیڑک مشینوں میں لوڈکیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کل 22181ووٹرز نے ان مشینوں کا استعمال کیا۔19ہزار 5سو ووٹرز کی بائیو میٹرک تصدیق ہوسکی۔جبکہ 2ہزار 646ووٹرز کے انگوٹھوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔تصدیق شدہ ووٹرز کی تعداد88فیصد جبکہ نہ شناخت ہونے والوں کی شرح 12فیصد ہے،ملک میں ووٹرز کی تعداد 9کروڑ 70لاکھ ہے،اس حسابسے ایک کروڑ 16لاکھ ووٹرز کی شاید تصدیق نہ ہوسکے،حلقہ این اے 120میں پڑھے لکھے افراد کی تعداد زیادہ تھی ۔

دیہی علاقوں میں مشینوں کے استعمال سے غیر تصدیق شدہ ووٹوں کی تعداد میں اضافہ کا اندیشہ ہے،عام انتخابات میں یہی شرح رہی تو انتخابات کی شفافیت پر سوالات اٹھیں گے،2018کے انتخابات میں بائیو میٹرک اور الیکڑانک مشینیں استعمال نہیں ہوںگی۔

متعلقہ عنوان :