وزیراعظم سے بل اینڈ ملینڈا گیٹس کے شریک چیئرمین بل گیٹس کی ملاقات ، پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لئے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کے اعادہ

امید ہے شاہد خاقان عباسی پاکستان سے پولیو کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے بھرپور تعاون جاری رکھیں گے ، بل گیٹس وزیراعظم نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے میں خصوصی دلچسپی پر بل گیٹس کا شکریہ ادا کیا

جمعہ 22 ستمبر 2017 12:48

وزیراعظم  سے  بل اینڈ ملینڈا گیٹس کے شریک چیئرمین بل گیٹس کی ملاقات ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 ستمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے عالمی فلاحی ادارے بل اینڈ ملینڈا گیٹس کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے ملاقات کی جس دوران انہوں نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لئے مل کر کام جاری رکھنے کے اپنے عزم کو دھرایا اور امیونائزیشن پروگرام کی وسعت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران شاہد خاقان عباسی نے پاکستان میں خصوصی طور پر پولیو اور دیگر شعبوں میں بل اینڈ ملینڈا گیٹس کی خصوصی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا جبکہ بل گیٹس نے بھی حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے اہداف کے حصول میں تعاون اور عزم پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پولیو کے خاتمے میں شاہد خاقان عباسی کی ذاتی دلچسپی کے اقدام کو بھی سراہا۔

(جاری ہے)

بل گیٹس نے پاکستانی عوام کے لئے قابل رسائی مالی معاونت پر بھی دلچسپی کا اظہار کیا تاکہ وہ مالی منتقلیوں اور آن لائن سروسز سے فائدہ اٹھانے کے قابل ہوسکیں۔ بل گیٹس نے گزشتہ چار سالوں کے دوران پولیو کے خاتمے میں پیش رفت کو بھی سراہا اور توقع ظاہر کی کہ تمام فریقین مل کر پولیو کے مکمل خاتمے کے اہداف کے حصول کے لئے کام کریں گے۔ بل گیٹس نے اہداف کے حصول ممں عزم مصمم کے ساتھ کام کرنے اور مسلسل کامیابی حاصل کرنے پر پولیو ٹیم کے ممبران کی بھی ستائش کی۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ وزیراعظم پولیو کے جڑ سے اکھاڑ نے کے لئے اپنی ذاتی دلچسپی لیں گے اور مکمل تعاون جاری رکھیں گے ۔