پاکستان نے دنیا کا بڑا انسداد دہشت گردی آپریشن کیا ہے ہزاروں فوجیوں نے دہشت گردوں اور ان کے ٹھکانوں کے خاتمے کے آپریشن میں حصہ لیا

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی اقوام متحدہ میں خدمات سرانجام دینے والے پاکستانیوں سے ملاقات میں گفتگو ،پاکستان کی اقتصادی ترقی‘ بہتر ہوتی سلامتی کی صورتحال اور جمہوریت کے تسلسل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا، خواجہ آصف کی خارجہ پالیسی پر بریفنگ عباسی اقوام متحدہ میں کام کرنے والے پاکستانی نژاد حکام سے ملاقات کرنے والے پہلے پاکستانی وزیراعظم بن گئے

جمعہ 22 ستمبر 2017 12:48

پاکستان نے دنیا کا بڑا انسداد دہشت گردی آپریشن کیا ہے ہزاروں فوجیوں ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 ستمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے پاکستان نے دنیا کا بڑا انسداد دہشت گردی آپریشن کیا ہے ہزاروں فوجیوں نے دہشت گردوں اور ان کے ٹھکانوں کے خاتمے کے آپریشن میں حصہ لیا۔ گزشتہ روز وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائن پر اقوام متحدہ میں اپنی خدمات سرانجام دینے والے پاکستانیوں سے ملاقات کی اور دنیا میں امن و سلامتی کے فروغ کے مقاصد کے لئے تنظیموں کے کام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اقوام متحدہ میں کام کرنے والے پاکستانی نژاد حکام سے ملاقات کرنے والے پہلے پاکستانی وزیراعظم ہیں۔ وزیراعظم نے انہیں پاکستان کی اقتصادی ترقی‘ بہتر ہوتی سلامتی کی صورتحال اور جمہوریت کے تسلسل کے حوالے سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اقوام متحدہ کے حکام کی جانب سے کئی سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔ انہوں نے ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

اس حوالے سے انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کی طرف سے ملاقات کے انعقاد پر ان کا بھی شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے انہیں بتایا کہ پاکستان نے دنیا کا بڑا انسداد دہشت گردی آپریشن کیا ہے ہزاروں فوجیوں نے دہشت گردوں اور ان کے ٹھکانوں کے خاتمے کے آپریشن میں حصہ لیا۔ اس موقع پر خواجہ آصف نے بھی اقوام متحدہ میں کام کرنے والے پاکستانی حکام کو خارجہ پالیسی کے حوالے سے اہم پہلوئوں پر بھی بریف کیا۔