بھارت نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند کررکھے ہیں‘

رواں سال بھارت 600 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کرچکا ہے بھارت اور پاکستان کیلئے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ میں توسیع کی جائے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 22 ستمبر 2017 12:48

بھارت نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند کررکھے ہیں‘
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 ستمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند کررکھے ہیں‘ رواں سال بھارت 600 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کرچکا ہے‘ وزیراعظم نے بھارت اور پاکستان کیلئے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ میں توسیع کا مطالبہ کیا‘ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انونیو گوترس نے کہا کہ دہشت گردی یک خلاف پاکستان کی کوششوں کا دل سے معترف ہوں‘ پاکستان میرے دل کے بہت قریب ہے‘ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کا معترف ہوں‘ اقوام متحدہ میں امن مشن میں پاکستان کے کردار پر شکریہ ادا کرتا ہوں‘ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے افغانستان میں دیرپا امن کے لئے مذاکراتی عمل کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس سے جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی‘ شاہد خاقان عباسی نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے سامنے کشمیر کا معاملہ اٹھایا اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ڈوزیئر دیا۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ سے کشمیر کیلئے خصوصی نمائندے کے تقرر کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا بھارت نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند کررکھے ہیں۔

وزیراعظم نے ایل او سی پر بھارت کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ رواں سال بھارت چھ سو بار سیز فائر کی خلاف ورزی کرچکا ہے۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے جمعرات کو بھی کئی افراد جان سے گئے۔ وزیراعظم اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے درمیان افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے افغانستان میں دیرپا امن کے لئے مذاکراتی عمل کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے لئے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ میں توسیع کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوترس نے کہا کہ پاکستان میرے دل کے بہت قریب ہے۔ پاکستان کا کئی بار دورہ کرچکا ہوں۔ انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان کے اقدامات کا عینی شاہد ہوں۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کا دل سے معترف ہوں۔ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کا معترف ہوں۔ سیکرٹری جنرل نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کا تذکرہ کیا اور اقوام متحدہ امن مشن میں پاکستنا کے کردار پر اظہار تشکر کیا۔