اقوام متحدہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی دیرینہ قراردادوں پر علدرآمد کروائے

کنٹرول لائن پرکسی بھی قسم کی مہم جوئی یا پاکستان کے خلاف محدود جنگ کے ڈاکٹرین پر عمل پیرا ہونے پر بھارت کو برابر کا جواب دیا جائے گا، وزیراعظم شاہدخاقان عباسی

جمعہ 22 ستمبر 2017 12:28

اقوام متحدہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی دیرینہ قراردادوں پر علدرآمد ..
اقوام متحدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2017ء) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے مطالبہ کیا کہ عالمی ادارہ جموں و کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کے سلسلہ میں اپنی ذمہ داری پوری کرے اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کشمیر پر خصوصی نمائندہ مقرر کریں جو سلامتی کونسل کی دیرینہ قراردادوں پر علدرآمد کروائے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور انسانی حقوق کے ہائی کمشنر بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا پتہ چلانے اور اس کے ذمہ داروں کو سزا دلوانے اور متاثرین کو انصاف اور ریلیف فراہم کرنے کیلئے انکوائری کمیشن بھجوائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گنوں سے کشمیریوں پر حملوں اور نہتے شہریوں پر تشدد اور مظالم کا سلسلہ رکوائے۔

(جاری ہے)

ریاستی پالیسی کے طور پر خواتین سے زیادتیوں کا سلسلہ بند کرایا جائے۔ میڈیا کا بلیک آئوٹ ختم کیا جائے۔ مقبوضہ کشمیر میں ڈریکونین ہنگامی قوانین ختم کئے جائیں اور تمام کشمیری سیاسی قیادت کو رہا کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے کشمیر میں لائن آف کنٹرول پرفائر بندی کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال جنوری سے اب تک بھارت فائر بندی کی 600 خلاف ورزیاں کر چکا ہے۔ پاکستان نے اس صورتحال پر تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ لیکن اگر لائن کنٹرول پر بھارت کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا ارتکاب کرے گایا پاکستان کے خلاف محدود جنگ کے ڈاکٹرین پر عمل پیرا ہو گا تو اسے مضبوط اور برابر کا جواب دیا جائے گا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو صورتحال کو خطرناک ہونے سے بچانے کیلئے فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ پرامن اور فوری حل کیلئے اقدامات کرنا ہوںگے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ امن عمل کو بحال کرنے پر تیار نہیں ہے۔ ہم سلامتی کونسل پر زور دیتے ہیں کہ وہ جموں و کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کے سلسلہ میں اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کشمیر پر خصوصی نمائندہ مقرر کریں جو سلامتی کونسل کی دیرینہ قراردادوں پر علدرآمد کروائے۔