وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس سے ملاقات، مسئلہ کشمیر اٹھایا، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مبنی دستاویزی شواہد حوالے کئے، بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے فائر بندی کی خلاف ورزیوں بارے آگاہ کیا

کشمیر بارے اقوام متحدہ کا خصوصی نمائندہ مقرر کیا جائے، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی مجھے پاکستان بہت عزیز ہے،کئی بار دورہ کر چکا ہوں، پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی کوششوں کا بھی معترف ہوں، سیکرٹری جنرل سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے اپنی ملاقاتوں کو بھی خوشگوار انداز میں یاد کیا

جمعہ 22 ستمبر 2017 11:00

نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس کے ساتھ جمعرات کو یہاں ہونے والی ملاقات میں ان کے سامنے مسئلہ کشمیر اٹھایا اور بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مبنی دستاویزی شواہد ان کے حوالے کئے۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ کشمیر پر خصوصی نمائندہ مقرر کریں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ناگزیر ہے کیونکہ بھارت نے کسی بھی قسم کے مذاکرات کے تمام دروازے بند کر رکھے ہیں۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے فائر بندی کی خلاف ورزیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ صرف رواں برس کے دوران 600 کے قریب خلاف ورزیاں کی گئیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے سیکرٹری خارجہ کو بتایا کہ صرف آج کے روز بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ایل او سی پر چار شہری شہید ہوئے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کیلئے بات چیت کے ذریعے کسی نتیجے پر پہنچنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کے پاکستان اور بھارت کیلئے ملٹری آبزرور گروپ کی توسیع پر بھی زور دیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان انہیں بہت عزیز ہے، وہ کئی بار پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ انہوںنے بذات خود پاکستان کے انسداد دہشتگردی آپریشنز کا مشاہدہ کیا ہے اور وہ اس سلسلے میں پاکستان کی کوششوں کے بہت معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کو بھی بہت سراہتے ہیں۔ سیکرٹری جنرل نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے اپنی ملاقاتوں کو بھی خوشگوار انداز میں یاد کیا۔ انہوں نے پاکستان کی امن برقرار رکھنے والی کوششوں پر اقوام متحدہ کی طرف سے خراج تحسین بھی پیش کیا۔