وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کی ملاقات

جمعہ 22 ستمبر 2017 02:40

نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے ملکر کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں مختلف بیماریوں کیخلاف حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کا دائرہ وسیع کرنے سمیت مختلف شعبوں میں اپنی سرگرمیوں کو توسیع دینے میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کی طرف سے پاکستان میں بالخصوص پولیو کے خاتمے اور دوسرے شعبوں میں دلچسپی لینے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور فائونڈیشن کی طرف سے کئے جانے والے کام کو سراہا۔

(جاری ہے)

بل گیٹس نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کا مقصد حاصل کرنے کیلئے حکومت پاکستان کے عزم پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی طرف سے اس سلسلے میں ذاتی دلچسپی کو سراہا۔ بل گیٹس نے پاکستان کے عوام کیلئے مالیاتی خدمات قابل رسائی بنانے کیلئے دلچسپی کا بھی اظہار کیا تاکہ وہ آن لائن خدمات اور رقوم کی منتقلی کے قابل ہو سکیں۔ بل گیٹس نے گزشتہ چار سال کے دوران پولیو کے خاتمے کے سلسلے میں حاصل کی گئی کامیابیوں کو سراہا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ تمام فریقین پاکستان میں رہ جانے والی تین پاکٹس سے پولیو کے مکمل خاتمے کا مقصد حاصل کرنے کیلئے اپنی تمام کوششوں کو بروئے کار لائیں گے۔

بل گیٹس نے پاکستان سے پولیو کے انسداد کیلئے تشکیل دی گئی ٹیم کے ارکان کے تسلسل کو بھی سراہا جنہوں نے ٹیم ورک اور کمٹمنٹ کا قابل تعریف معیار حاصل کیا۔ بل گیٹس نے اس توقع کا اظہار کیا کہ وزیراعظم پولیو کے انسداد کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور اس سلسلے میں ذاتی دلچسپی لیں گے۔