وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی اقوام متحدہ میں خدمات سرانجام دینے والے پاکستانیوں سے ملاقات،دنیا میں امن و سلامتی کیلئے اقوام متحدہ کے مقاصد کو فروغ دینے میں کردار اور کام پر ان کا شکریہ ادا کیا

جمعہ 22 ستمبر 2017 01:10

اقوام متحدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جمعرات کو یہاں اقوام متحدہ میں خدمات سرانجام دینے والے پاکستانیوں سے ملاقات کی اور دنیا میں امن و سلامتی کیلئے اقوام متحدہ کے مقاصد کو فروغ دینے میں ان کے کردار اور کام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی جو اقوام متحدہ کے 72ویں جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک میں ہیں، اقوام متحدہ کے پاکستانی نژاد حکام سے ملاقات کرنے والے پہلے وزیراعظم ہیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے انہیں پاکستان کی اقتصادی ترقی، ملک میں سلامتی کی بہتر ہوتی صورتحال اور جمہوریت کے استحکام سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں خدمات سرانجام دینے والے پاکستانی نژاد حکام کی طرف سے پوچھے گئے کئی سوالات کے جوابات دیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعظم کی طرف سے ملاقات کا موقع دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس ملاقات کے اہتمام پر اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے انہیں بتایا کہ پاکستان نے دنیا کا سب سے بڑا انسداد دہشتگردی آپریشن کیا اور دہشتگردوں کو ان کی پناہ گاہوں سے ختم کرنے کیلئے سینکڑوں، ہزاروں فوجیوں نے حصہ لیا۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف بھی اس موقع پر موجود تھے اور انہوں نے بھی خارجہ پالیسی کے اہم امور پر انہیں آگاہی فراہم کی۔