میٹروپولیٹن کارپوریشن نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے فنڈ سے 58حلقوں میں صفائی مہم کا آغاز کردیا ہے، یہ مہم میئر، ڈپٹی میئر اور چیف آفیسر میٹروپولیٹن کی زیرنگرانی ہوگا، ڈپٹی میئر محمد یونس بلوچ

جمعہ 22 ستمبر 2017 00:10

کوئٹہ۔21 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2017ء) میٹروپولیٹن کارپوریشن نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے فنڈ سے 58حلقوں میں صفائی مہم کا آغاز کردیا ہے، یہ مہم میئر، ڈپٹی میئر اور چیف آفیسر میٹروپولیٹن کی زیرنگرانی ہوگا۔ یہ بات ڈپٹی میئر محمد یونس بلوچ نے جمعرات کے روز یہاں ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ تمام حلقوں سے ڈمپ اٹھایا جائے گا اور شہر کی تمام نالیوں کو صاف کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ کارپوریشن کے عملہ سے تعاون کریں تاکہ اس عمل کو جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کی آبادی میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے جس سے شہر میں کچرے کی موجودگی کا تناسب بھی اسی طرح بڑھتا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور ہمیں اپنے شہر کو بھی صاف ستھرا رکھنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام چھوٹی اور بڑی شاہراہوں پر ڈسٹ بن نصب کئے جاچکے ہیں تاکہ عوام اور خاص کر دکانداروں کو یہ سہولت میسر ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس سلسلے میں کسی کو کوئی شکایت ہو تو وہ براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں تاکہ اس صوبائی مہم کو احسن طریقے سے انجام دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریگولر ملازمین کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ اپنی حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ شہر کی صفائی ستھرائی میں کوئی دشواری نہ آئے اور یہ عمل جلد سے جلد مکمل کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :