صوبہ بلوچستان کے سالانہ بجٹ میں 240ارب روپے غیرترقیاتی فنڈ میں استعمال ہوتے ہیں۔ یہاں روزگار کے مواقع بہت کم ہیں کیونکہ یہاں کارخانے یا روزگار کے دیگر مواقع میسر نہیں ہیں اور صوبہ کے بیروزگار نوجوانوں کی امیدیں سرکاری نوکری سے لگی ہوئی ہے،صوبائی وزیر خزانہ سردار اسلم بزنجو

جمعہ 22 ستمبر 2017 00:10

کوئٹہ۔21 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2017ء) صوبائی وزیر خزانہ سردار اسلم بزنجو نے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے سالانہ بجٹ میں 240ارب روپے غیرترقیاتی فنڈ میں استعمال ہوتے ہیں۔ یہاں روزگار کے مواقع بہت کم ہیں کیونکہ یہاں کارخانے یا روزگار کے دیگر مواقع میسر نہیں ہیں اور صوبہ کے بیروزگار نوجوانوں کی امیدیں سرکاری نوکری سے لگی ہوئی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے خزانہ اینڈ اکاؤنٹس ایسوسی ایشن بلوچستان کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر رقیہ ہاشمی، ڈی جی اکاؤنٹس اینڈ جنرل ندیم احمد سمالانی، رفیع اللہ کاکڑ، صدر خزانہ اینڈ اکاؤنٹس ایسوسی ایشن کے علاوہ صوبہ بھر سے محکمہ خزانہ سے تعلق رکھنے والے اہلکاران او ر مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ سردار اسلم بزنجو نے کہا کہ یہ صوبہ ہم سب کا ہے، اس کے مسائل بھی ہمیں حل کرنا ہیں، ہماری حکومت کی بھی اولین ترجیح ہے کہ صوبے میں بے روزگاری کم ہو تاکہ صوبے کے بیروزگار نوجوان اپنے صوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ میں کوئی بھی ناجائز ٹرانسفر، پوسٹنگ نہیں ہونے دیں گے۔

ہم آج وزیر ہیں کل اس عہدے پر کوئی اور آئے گا لیکن ہم ایک صوبے کے ہیں اور ہمیں ہی اپنے صوبے کے مسائل حل کرنے ہیں۔ کوئی باہر سے آکر ہمارے مسائل حل نہیں کرے گا۔ صوبائی وزیر خزانہ نے نومنتخب عہدیداروں سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ پر ایک بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ آپ کا فرض ہے کہ آپ اپنے محکمہ کے ملازمین کے مسائل کے ساتھ ساتھ صوبے کے باقی ملازمین کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں تاکہ صوبے کے ملازمین محکمہ خزانہ کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی نے کہا کہ ہماری اولین کوشش ہے کہ آپ کے مسائل جتنا جلد ممکن ہو حل کریں اور نومنتخب کابینہ جو کہ جمہوری انداز سے منتخب ہوئی ہے مبارکباد کے لائق ہے اور ان پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ تقریب میں صوبائی وزیر خزانہ سردار اسلم بزنجو نے نومنتخب کابینہ سے حلف لیا اور شیلڈ تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :