دشمن محرم الحرام میں دہشت گردی کے ذریعے فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کرتا ہے مگر ہم نے متحد ہو کر دشمن کی ان چالوں کو ناکام بنانا ہے،کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کااجلاس سے خطاب

جمعہ 22 ستمبر 2017 00:00

کوئٹہ۔21 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2017ء) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کی زیر صدارت محرم الحرام میں امن و امان کے حوالے سے ہیڈکوارٹر سدرن کمانڈ میں سکیورٹی کانفرنس منعقد ہوئی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ ، ملڑی اور سول اداروں کے کمانڈروں نے شرکت کی ۔آئی ایس بی آرکے مطابق اجلاس میں محرم الحرام کے حوالے سے کیے جانے والے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ شہریوں کے جان و مال اور عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔

بعد ازاں کمانڈر سدرن کمانڈ نے تمام مکاتبِ فکر کے علماء اور انجمن تاجران کے وفد سے ملاقات کی۔ کمانڈر سدرن کمانڈلیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے علما ء سے بات چیت کرتے ہوئے مذہبی ہم آہنگی اور رواداری پر زور دیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ دشمن محرم الحرام میں دہشت گردی کے ذریعے فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کرتا ہے مگر ہم نے متحد ہو کر دشمن کی ان چالوں کو ناکام بنانا ہے ۔

یہ بات خوش آئند ہے کہ ہمارے علما ء دشمن کی ان چالوں سے آگاہ ہیں۔علماء نے یکجہتی اور تعاون کا بھرپور یقین دلاتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ تمام جلوس مقررہ راستوں پر چلیں گے اور طے شدہ وقت پر اختتام پذیر ہوں گے۔ علماء کونسل نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :