وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی اقوام متحدہ سیکرٹر ی جنرل سے ملاقات

وزیر اعظم نے ایل اوسی پر بھارتی جارحیت،مسئلہ کشمیر اور افغانستان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے دستاویزی ثبوت دئیے ،مقبوضہ کشمیر میں خصوصی الیچی مقرر کرنے کا مطالبہ پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف کوششوں کاذاتی معترف ہوں، انتو نیو گیوٹریس

جمعہ 22 ستمبر 2017 00:00

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی اقوام متحدہ  سیکرٹر ی جنرل سے ملاقات
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2017ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتو نیو گیوٹریس سے ملاقات کی ہے ، وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری سے مسئلہ کشمیر پر تفصیلی گفتگو کی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے دستاویزی ثبوت ان کے حوالے کیے ۔وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتو نیو گیوٹریس سے مقبوضہ کشمیر میں خصوصی الیچی مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے ، وزیر اعظم نے اس دوران گفتگو میں کہا کہ بھارت کشمیر کے مسئلے پر مزاکرات کے تمام دروازے بند کر چکا ہے ، وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی فوج نے رواں سال لائن پر کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی 600 بار خلاف ورزی کی ہے ، آج ( بروز جمعرات ) بھی بھارتی فوج کی فائرنگ سے ورکنگ بائونڈری پر 4بے گناہ شہری شہد ہو ئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران دونوں راہنمائوں میں افغانستان کی صورتحال پر بھی گفتگو کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ افغانستان میں بحران کا حل مزاکرات کے ذریعے نکالا جائے ۔ وزیر اعظم نے اقوام متحدہ سے مبصرین کی تعداد بڑھانے کی اپیل بھی کی ہے ۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان ان کے دل کے بہت قریب ہے اور وہ کئی بار پاکستان کا دورہ بھی کر چکے ہیں ، انتو نیو گیوٹریس نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے آپریشنز کے وہ خود گواہ ہیں اور وہ ذاتی طور پر پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف کوششوں کی معترف ہیں ۔