ملک میں شیعہ سنی نام کے کسی مسئلہ کا کوئی وجود نہیں،تمام مکاتب فکر اور مسالک کے عوام باہمی تعاون اور محبت سے پوری عقیدت و احترام سے نواسہ رسول ‘ محسن انسانیت حضرت امام حسین ؓ کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، علامہ عارف حسین واحدی کی پریس کانفرنس

جمعرات 21 ستمبر 2017 23:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2017ء) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور مرکزی محرم الحرام کمیٹی پاکستان کے سربراہ علامہ عارف حسین واحدی نے مرکزی محرم الحرام کمیٹی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سید سکندر عباس گیلانی ایڈووکیٹ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیعہ علماء کونسل زاہد علی اخونزادہ ، مولانا غلام قاسم جعفری، مولانا سید نصیر حسن موسوی اور سید محمد علی کاظمی کے ہمراہ محرم الحرام کی آمد پر نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ کہ ملک میں شیعہ سنی نام کے کسی مسئلہ کا کوئی وجود نہیں اور مدت سے تمام مکاتب فکر اور مسالک کے عوام باہمی تعاون اور محبت سے پوری عقیدت و احترام سے نواسہ رسول ‘ محسن انسانیت حضرت امام حسین ؓ کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور امام حسین ؓ کی عظیم قربانی کی یاد سب مسلمان اپنے اپنے انداز میں مناتے ہیں۔

(جاری ہے)

علامہ عارف حسین واحدی کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے مسلسل کوششوں سے ملک میں قربانیاں دیکر اتحاد و وحدت کی فضا کو برقرار رکھا ہے۔ ملکی استحکام اور وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے سب مسالک کے علما آپس میںہمیشہ متحدو متفق ہیں۔ اس موقع پر زائرین کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے علامہ عارف حسین واحدی کا کہنا تھا کہ ایام محرم اور ایام صفر میں زائرین زیادہ سے زیادہ یوم عاشور اور اربعین پر کربلا معلیٰ جاتے ہیں لہذا زائرین کا مسئلہ ہنگامی اورمستقل بنیادوں پرفی الفور حل کیا جائے۔

اور قافلوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ کوئٹہ سے تفتان آمدو رفت کو بہتر اور منظم کیا جائے۔علامہ عارف حسین واحدی نے صحافیوں کو بتایاکہ ایام محرم میں مرکزی آفس سمیت وفاقی دارلحکومت، پنجاب ،سندھ ، خیبر پختونخوا، بلوچستان ،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میںصوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر محرم الحرام کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مرکزی /صوبائی سطح پر محرم الحرام کمیٹیوںنے اپنی اپنی سطح پرکنٹرول رومز قائم کر دیئے ہیں جو چوبیس گھنٹے دن رات کام کریں گے ، علامہ عارف واحدی نے مزید کہا کہ موجودہ ملکی حالات میں عزاداروں کو اتحادو وحدت کی تلقین کرتے ہوئے تمام علماء کرام اور ذاکرین عظام سے اپیل کی کہ ممبر حسینی سے اتحاد، وحدت، اخوت، بھائی چارہ اور امام حسین علیہ السلام کے مقاصد کو اجاگر کریں اور باہمی اتحاد و اتفاق اور رواداری کو اہمیت دیتے ہوئے ایسے عمل سے گریز کریں جس سے کسی مکتب فکر کی دل آزاری کا کوئی پہلو نکلتا ہو۔

آخر میں علامہ عارف حسین واحدی نے روہنگیا مسلمانوں پر ہو نے والے ظلم و ستم کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے ظلم وستم کے خاتمہ کیلئے اٴْمت مسلمہ کو اپنی صفوں میں اتحاد و وحدت قائم کر نا ہوگا تاکہ اس ظلم کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔