سوئٹزرلینڈ میں پاکستان مخالف مہم ،رضا ربانی نے سینیٹ میں پاک سوئس فرینڈ شپ گروپ کی سرگرمیوں کو معطل کرنے کی منظوری دیدی

سوئٹزرلینڈ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ عالمی سازش ہے اس پر سخت ایکشن لیا جانا چاہئے تھا، حکومت کو سوئس سفیر کو طلب کر کے احتجاج کرنا چاہئے یا سوئس سفیر کو احتجاجاً ملک بدر کیا جائے،سراج الحق

جمعرات 21 ستمبر 2017 23:54

سوئٹزرلینڈ میں پاکستان مخالف مہم ،رضا ربانی نے سینیٹ میں پاک سوئس فرینڈ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 ستمبر2017ء) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے پاکستان کی نشاندہی کے باوجود سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کے خلاف بینرز لگنے کے خلاف کسی قسم کا ایکشن نہ لینے پر سینیٹ میں پاک سوئس فرینڈ شپ گروپ کی سرگرمیوں کو معطل کرنے کی منظوری دے دی۔ جمعرات کو ایوان بالا میں چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے سوئٹزرلینڈ میں بلوچستان فری اور اس حوالے سے دیگر بینرز لگنے پر پاکستان کے بھرپور احتجاج کے باوجود سوئس حکومت کی جانب سے کسی بھی قسم کی کارروائی نہ کرنے پر احتجاجاً سینیٹ میں پاک سوئس گروپ کی سرگرمیاں معطل کرنے کی تجویز پیش کی جس پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ پوسٹرز آویزاں کرنے کے ساتھ ساتھ ڈاکومنٹریاں بھی بنائی گئی ہیں، یہ ہمارے لئے افسردگی کا باعث ہے۔

(جاری ہے)

حکومت اور سفارت خانے نے کوئی موثر جواب نہیں دیا۔ سحر کامران نے کہا کہ ایک ایسی جگہ جہاں انسانی حقوق کو پروموٹ کیا جاتا ہے، وہاں اس طرح کے دوسرے ملک کے خلاف سازش پر سوئس حکام کی خاموشی کا مطلب ملی بھگت ہے، یہ پاکستان کی خودمختاری پر حملہ ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ عالمی سازش ہے اس پر سخت ایکشن لیا جانا چاہئے تھا۔

حکومت کو سوئس سفیر کو طلب کر کے احتجاج کرنا چاہئے یا سوئس سفیر کو احتجاجاً ملک بدر کیا جائے۔ سسی پلیجو نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بھارتی لابنگ کے خلاف موثر اقدامات نہیں اٹھائے۔ نعمان وزیر نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم کو اس معاملے کو بھی اٹھانا چاہئے۔ چیئرمین سینیٹ نے ایوان کے اتفاق رائے پر سینیٹ میں پاک سوئس گروپ کی سرگرمیوں کو ایوان کے آئندہ فیصلے تک معطل کرنے کی منظوری دے دی۔