ڈیرہ غازیخان میں15ارب روپے سے پینے کے صاف پانی کے منصوبوں کا آغاز کیا جارہا ہے،وزیراعلیٰ پنجا ب

جمعرات 21 ستمبر 2017 23:49

ڈیرہ غازیخان میں15ارب روپے سے پینے کے صاف پانی کے منصوبوں کا آغاز کیا ..
ڈی جی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2017ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ڈیرہ غازیخان تا مظفرگڑھ دو رویہ 55کلو میٹر لمبی سڑک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا ․ یہ سڑک 13ارب 38کروڑ روپے کی لاگت سے آٹھ ماہ کی قلیل مدت میںمکمل کی جائے گی ․ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے اعلا ن کیا کہ جنوبی پنجاب کے عوام سے اپنی بے لوث محبت اور خدمت کا اظہار یہ ہے کہ ساڑھے 15ارب روپے کی بڑی رقم کے ساتھ اسی سال ڈیرہ غازیخان سے پینے کے صاف پانی کے منصوبوں کا آغاز کیا جارہا ہے جبکہ آنے والے دنو ںمیں پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں یہ منصوبے شروع کیے جائیں گے ․ یہ منصوبہ جنوبی پنجاب کے غیور عوام کیلئے موجودہ حکومت کا ایک اور تحفہ ہے جس کی تکمیل سے اس علاقے کے عام شہریوں کو تندرست و توانا قوم بنانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

مذکورہ تقریب جو کہ ایک عظیم الشان جلسے میں تبدیل ہو گئی تھی ہزاروں لوگوں کا جم غفیر مختلف قافلوں کی صورت میں پیدل اور گاڑیوں میں اپنے علاقائی قائدین کی سرپرستی میں پنڈال پہنچا جن کا جوش و خروش دیدنی تھا ․ وزیر اعلی کی آمد سے قبل اور آمد کے موقع پر شیر آیا ، شیر آیا کے فلک شگاف نعرے بلند ہوتے رہے ․ وزیر اعلی جیسے ہی پنڈال میں پہنچے تو انہوں نے سٹیج پر مقامی قائدین کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر ڈیرہ غازیخان کے عوام کو اپنی سیاسی خدمت کا مضبوط قلعہ بنانے کا اظہار کیا․ اس موقع پر حاضرین نے کھڑے ہو کر بڑی دیر تک پر جوش انداز میں تالیاں بجائیں اور شہباز شریف زندہ باد کے نعرے لگائے ․ وزیر اعلی نے اپنی تقریر میں کہاکہ مذکورہ منصوبہ اگرچہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا تھا لیکن حکومت پنجاب نے اس خطے کے عوام کو قومی ترقی کے دھارے میں لانے کیلئے 13ارب 38کروڑ روپے کے صوبائی وسائل فراہم کیے جو اس بات کا بین ثبوت ہے کہ مسلم لیگی قیادت جنوبی پنجاب کے تمام شہروں کو وسطی پنجاب کے برابر لانے کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے اس لیے یہ بات یقین سے عوام کے ساتھ شیئر کر رہا ہوں کہ ایسے قومی منصوبے کی تکمیل سے موٹر وے جیسی جدید اور پائیدار سفری سہولتیں میسر آئیں گی او ریہ منصوبہ 30جون 2018تک مکمل کیا جائے گا․ انہوں نے مزید کہاکہ اس علاقے سے ان کی یادیں سال 2010کے تباہ کن سیلاب سے جڑی ہو ئی ہیں جس کی تباہ کاریوں نے انہیں یہ سوچنے پر مجبور کیا کہ وہ اس علاقے کے پسماندہ لوگوںکو زندگی کی جدید سہولتیں مہیا کریں گے ․ یہ عہد انہوںنے اپنے رب سے کرتے ہوئے خدمت کا نیا باب کھولا جس پر آج تک عملدرآمد ہو رہا ہے ․جلسے کے شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے انہو ںنے کہاکہ آپ ہی بتائیں کہ آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے یا روک دیا جائے کیونکہ ان کے سیاسی مخالفین نے گلہ پھاڑ پھاڑ کر کبھی تو 27ارب روپے کی کرپشن کا الزام اورکبھی پانامہ لیکس سے بچنے کیلئے دس ارب روپے رشوت دینے کی کوشش کا الزام لگایا اور کبھی ملتان میٹر و بس منصوبے سے متعلق ایک ارب 72کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام تھونپا او رجب ہم نے ان کو عدالت کے ذریعے جواب دینے کیلئے نوٹس بھجوا یا تو وہ آج تک جواب دینے کیلئے عدالت میں نہیں آئے ․ انہوںنے کہاکہ ملتان میٹرو بس منصوبہ میں کرپشن کے الزام پر حکومت چین نے اس معاملے میں کسی بھی کرپشن کے الزام کو رد کرتے ہوئے میری بر یت کااعلان کیا ․ انہوںنے کہاکہ اگر میرے 9سالہ دور حکومت میں مجھ پر ایک دھیلے کا الزام بھی ثابت ہو جائے تو آپ کا ہاتھ اور میرا گریبان ہو گا ․ انہوںنے کہاکہ ہمیں ڈینگی برادران کہا گیا لیکن جب پشاور پر ڈینگی کی آفت ٹوٹی تو حکومت پنجاب ہی ہے جو اس آزمائش میں کے پی کے کے بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے جبکہ مخالفین سیر سپاٹے میں مصروف تھے ․ ہم پنجاب ، سندھ ، بلوچستان ، بلتستان ، کشمیر ، خیبرپختونخواہ اور صوبائیت پر یقین نہیں بلکہ پاکستانیت پر یقین رکھتے ہیں ․ انہوں نے کہا کہ خان صاحب جھوٹے ، یوٹرن لینے کے ماہر ہیں انہیں یہ بھی یاد نہیں رہتا کہ آدھا گھنٹہ قبل انہوںنے کیا کہا تھا ․ انہوں نے ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان میں کڈنی اور کارڈیالوجی وارڈ او رسالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے اداروں کے فوری قیام کا اعلان کیا انہوںنے انتباہ کیا کہ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے میئر ، ڈپٹی میئر ، چیئرمین ، وائس چیئرمین ، کونسلرز اس سلسلہ میں لوکل گورنمنٹ کی معاونت کریں بصورت دیگر انہیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا ․ انہوںنے کہاکہ میں نے جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازیخان ، ملتان اور بہاولپور کو لاہور بنانے کا عزم کر رکھا ہے ․ عوام آئندہ انتخابات میں انہیں منتخب کریں تو ہم یہ بھی کر دکھائیں گے قبل ازیں وفاقی وزیر مواصلات حافظ عبدالکریم ، وفاقی وزیر اویس خان لغاری ، ایم این اے سردار امجد فاروق خان کھوسہ نے اپنی ، اپنی تقاریر میں وزیر اعلی کی خدمات اور علاقے کی ترقی سے متعلق حاضرین کو آگاہ کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا عوامی فلاح کے ان جیسے دیگر متعدد منصوبے مستقبل قریب میں جاری رہیں گے جن کے باعث علاقے میں پایا جانے والا احساس محرومی ختم ہو جائے گا ․ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ایم پی اے سید عبدالعلیم شاہ نے ادا کیے جبکہ ان کی معاونت معروف قلمکار محبوب جھنگوی نے کی ․ سٹیج پر ایم این اے مسز شہناز سلیم ملک ،ایم پی ایز سردار محمود قادر لغاری ، جاوید اختر لنڈ ، ممتاز احمد بھٹو قیصرانی ، مشیر وزیر اعلی پنجاب میر مرزا تالپور ، میئر شاہد حمید چانڈیہ ، ڈپٹی میئر شیخ اسرار احمد ، چیئرمین ضلع کونسل سردار عبدالقادر خان کھوسہ ، وائس چیئرمین اسلم خانزادہ اور دیگر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :