جب تک ہم کتاب سے منسلک رہے ٹیکنالوجی، دین و دنیا کے اعتبار سے اس وقت تک غالب رہے،

صغیر اسلم اور انکا ادارہ صباء ویلفیئر ٹرسٹ و صبا ہومز دکھی انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں وزیراعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان کا تقریب سے خطاب

جمعرات 21 ستمبر 2017 23:44

جب تک ہم کتاب سے منسلک رہے ٹیکنالوجی، دین و دنیا کے اعتبار سے اس وقت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2017ء) وزیراعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے کہا کہ جب تک ہم کتاب سے منسلک رہے ٹیکنالوجی، دین و دنیا کے اعتبار سے اس وقت تک غالب رہے، صغیر اسلم اور انکا ادارہ صباء ویلفیئر ٹرسٹ و صبا ہومز دکھی انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں جو میڈیا سمیت پوری قوم کی توجہ کے مستحق ہیں، گلگت میں صباء ہومز کا خیرمقدم کریں گے، ہمیں اپنے صدقات اور خیرات دیتے ہوئے اچھی شہرت کے حامل اداروں کا انتخاب کرنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں صباء ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین صغیر اسلم کی آپ بیتی ’’میں کل اور آج‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج اغیار ہمارے دین کی تعلیمات، فلاح انسانیت کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ترقی کر رہے ہیں اور جب سے ہم نے نبی کریمؐ کی تعلیمات سے روگردانی کی ہے اور کتاب سے تعلق کو ختم کیا ہے، مسلمان تنزلی کا شکار ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج ہمیں کتاب سے اس رشتے کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو وطن عزیز کے مثبت پہلوئوں سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے، جب ہم میڈیا کو دیکھتے ہیں تو ہمیں ایسا لگتا ہے کہ پاکستان میں کرپشن، ناانصافی اور سماجی برائیوں کے سوا کچھ نہیں، میڈیا کو بھی چاہیے کہ وہ معاشرے کے مثبت پہلوئوں اور مثبت سوچ کی حامل شخصیات اور انکے کردار کو اجاگر کرے۔

حافظ حفیظ الرحمان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں 4 ہزار لوگ مذہب کے نام پر قتل ہوئے اور نو گو ایریا تھا اور آج الحمد اللہ وہاں امن ہے، نیشنل ایکشن پلان پر سختی سے عمل ہو رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ گلگت بلتستان میں اس وقت 20 لاکھ سیاح موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کامیابی کہانیوں کو بھی پروان چڑھانا اور اپنی آئندہ نسلوں کو آگاہ کرنا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ دین ہمیں فلاح انسانیت، خواتین کے احترام کا درس دیتا ہے، معاشرے کی تشکیل نو اور محروم طبقات کی محرمیوں کے خاتمہ کیلئے کام کرنے والے ادارے خراج تحسین کے مستحق ہیں جو امید کی شمع روشن کئے ہوئے ہیں۔ صباء ہومز جیسے اداروں کا گلگت بلتستان میں خیرمقدم کریں گے۔ گلگت بلتستان کی حکومت پہلے بھی صوبے میں 25 سے زائد یتمٰی کیئر سنٹرز کی سرپرستی اور نگرانی کر رہی ہے جو سرکاری اور نجی شعبہ کے تعاون سے قائم ہیں اور اس طرح کی ہر کاوش کا خیرمقدم کریں گے۔

قبل ازیں صاحب کتاب صغیر اسلم نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ ممتاز ادیب، دانشوروں اور صغیر اسلم کے حلقہ احباب سے تعلق رکھنے والے افراد نے کتاب اور صاحب کتاب کی تعریف کرتے ہوئے تفصیلی احاطہ پیش کیا۔ تقریب سے ڈاکٹر غضنفر مہدی، ایڈمرل (ر) آصف سندیلہ، حمید شاہد، شازیہ اور دل آویز نے خطاب کیا اور کتاب کے مصنف صغیر اسلم اور انکی فلاحی خدمات کا تفصیلی احاطہ کیا۔

متعلقہ عنوان :