لیسکو یکم تا 10 محرم الحرام، مجالس کے دوران امام بارگاہوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائے گی‘چیف ایگزیکٹو لیسکوواجد علی کاظمی

جمعرات 21 ستمبر 2017 23:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی( لیسکو)کے چیف ایگزیکٹو سید واجد علی کاظمی کی زیرِصدارت لیسکو ہیڈ آفس میں یکم تا 10 محرم الحرام کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا ۔لیسکو کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں یکم تا 10 محرم الحرام، مجالس کے دوران امام بارگاہوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے اور کسی بھی ایمرجینسی کی صورت میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔

چیف ایگزیکٹو لیسکو سید واجد علی کاظمی نے اس حوالے سے فوکل پرسن کی تعیناتی کی بھی منظوری دی جو اپنے اپنے سرکلز میں خصوصی ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے ۔چیف ایگزیکٹو کی ہدایت کے مطابق یکم محرم تا 10 محرم الحرام تک ایس ایز ، ایکسئینز اور ایس ڈی اوز سمیت تمام عملہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فی الفور نمٹنے کے لیئے اپنے دفاتر میں موجود رہے گا ۔

(جاری ہے)

جبکہ فیلڈ سٹور مینجرز کو بھی ہر ڈویژن کو 4 اضافی ٹرانسفارمرز مہیا کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔اس کے ساتھ ساتھ اضافی ٹرانسفارمرز ٹرالیاں بھی ایمرجینسی کے دوران بروقت دستیاب ہوں گی۔چیف ایگزیکٹو کی ہدایت پر 7محرم سے نکلنے والے جلوسوں میں لیسکو کا عملہ بھی خصوصی طور پر حفاظتی نقطہ نظر کے تحت ساتھ ساتھ رہے گاتاکہ عًلم اور دیگر زیارات کی برآمدگی کے دوران بجلی کی تاروں کے سبب کہیں بھی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ نثار حویلی جہاں سے ذوالجناح کا مرکزی جلوس نکلے گا وہاں جنریٹر کا بھی انتظام کیا جائے گا جبکہ اضافی سورس کے تحت جلوس کے احتتامی مقام پر بھی ایک جنریٹر کا انتظام کیا جائے گا جبکہ لیسکو کا عملہ ذوالجناح کے راستے پرلٹکنے والی بجلی کی تمام تاروں کو کلئیر کرے گا ۔

چیف ایگزیکٹو سید واجد علی کاظمی کا کہنا تھا کہ تمام افسران اور عملہ اپنی دستیابی کو یقینی بنائیںتاکہ ان مقدس ایام میں بجلی کے ہنگامی مسائل کو فی الفور حل کیا جا سکے اور عزاداری اور لاء اینڈ آرڈر کے کاموں میں خلل پیدا نہ ہو سکے۔ لیسکو کے معزز صارفین کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنے متعلقہ علاقے کے کمپلینٹ سیل کے علاوہ ان نمبروں 0320-0520333 , 0320-0520888پر فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :