محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر صفائی ستھرائی ، اسٹریٹ لائٹس اور سڑکوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کررہے ہیں، میئر کراچی

اگر کوئی کچرے اور سیوریج کے مسئلے پر احتجاج کرے گا تو میں اس کے ساتھ کھڑا ہوں گا شہر کا سب سے بڑا مسئلہ کچرا اور سیوریج ہے، تاہم صفائی کے دونوں محکمے سندھ گورنمنٹ کے پاس ہیں

جمعرات 21 ستمبر 2017 23:31

محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر صفائی ستھرائی ، اسٹریٹ لائٹس اور سڑکوں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر جن علاقوں میں صفائی ستھرائی ، اسٹریٹ لائٹس اور سڑکوں کے مسائل ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کررہے ہیں، شہر کا سب سے بڑا مسئلہ کچرا اور سیوریج ہے، تاہم صفائی کے دونوں محکمے سندھ گورنمنٹ کے پاس ہیں اورلوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ کے لوگ وزیراعلیٰ سندھ کو مس گائیڈ کر رہے ہیں، اگر کوئی کچرے اور سیوریج کے مسئلے پر احتجاج کرے گا تو میں اس کے ساتھ کھڑا ہوں گا،یہ بات انہوں نے جمعرات کی سہ پہر امام بارگاہ رضویہ سوسائٹی کے اطراف تعمیر ہونے والی سڑکوں کے معائنے اور امام بارگاہ کے منتظمین سے ملاقات کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی جمال احمد، چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی، چیئرمین پارکس ڈپارٹمنٹ خرم فرحان،چیئرمین ورکس ڈپارٹمنٹ حسن نقوی، چیئرپرسن میڈیا مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ محترمہ صبحین غوری، یوسی چیئرمین محمد عامر اور نور محمد حیدری، منیجنگ ٹرسٹی شاہ کربلا ٹرسٹ مظہر اقبال، ساجد ایڈوکیٹ، شمونہ صدف، ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے کہا کہ حالیہ شدید بارشوں کے نتیجے میں شہر کے کئی علاقوں میں برساتی پانی اور سیوریج لائنوں کے رسائو نے بدترین صورتحال پیدا کردی تھی اور اس کے فوراً بعد عیدالاضحی پر آلائشیں اور جانوروں کی باقیات کو جلد از جلد ٹھکانے لگانا اور شہریوں کو جراثیم سے محفوظ رکھنا انتہائی ضروری تھا لہٰذا ہم نے جنگی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے بلا امتیاز شہر کے ہر حصے میں ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی مدد سے نکاسی آب اور آلائشوں کو اٹھانے کے انتظامات کئے تاہم بعض جگہوں پر صورتحال تشویشناک رہی، خاص طور پر گولیمار کے علاقے میں بنارس محلہ اور کشمیری محلہ میں گھر وں میں پانی داخل ہوگیا جس سے صورتحال خراب ہوئی اس علاقے میں سیوریج لائن خراب ہونے کی وجہ سے معاملات بگڑے جسے فوری طور پر درست کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ملیر کی سڑک کی تعمیر کے لئے فنڈز درکار ہیں اور ان کا انتظام ہونے کے بعد یہ کام مکمل ہوگا،کراچی میں یومیہ 12ہزار ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے جس میں سے صرف 4 ہزار ٹن کچرا اٹھایا جاتا ہے جس کے باعث شہر میں کچرے کے ڈھیر لگ جاتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ میں نے پانی و سیوریج کے مسائل پر منیجنگ ڈائریکٹر واٹر بورڈ ہاشم رضا زیدی سے ٹیلیفون پر بات کی ہے اور ان سے اپیل کی ہے کہ کراچی کے شہریوں پر رحم کریں ، آلودہ پانی کی فراہمی کی وجہ سے گھر گھر بچے ، بڑے بیمار ہو رہے ہیں لہٰذا فوری طور پر اس مسئلے کو حل کیا جائے اور شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں نے ہمیں ووٹ دے کر منتخب کیا ہے اور وہ اپنے مسائل کا جلد از جلد حل چاہتے ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور یوسی کے ذمہ داروں کے ذریعے شہر کے تمام علاقوں میں ایسے مسائل پر توجہ دے رہی ہے جن کے باعث شہریوں کو اپنی روز مرہ زندگی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،انہوں نے کہا کہ شہر کے پارکس اور کھیل کے میدانوں پر قبضے ہورہے ہیں ، برنس گارڈن میں غیرقانونی تعمیرات کے معاملے پر آج عدلیہ سے رجوع کیا ہے ، چائنا کٹنگ کا الزام ہم پر لگ رہا ہے اور کام کوئی اور کر رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں، ہم عوام کے ساتھ ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں رہیں گے۔