وزیر اعلی سندھ سے پاکستانی ہاکی فیڈریشن کے صدر محمد خالد سجاد کھوکھر کی ملاقات

جمعرات 21 ستمبر 2017 23:31

وزیر اعلی سندھ سے پاکستانی ہاکی فیڈریشن کے صدر محمد خالد سجاد کھوکھر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے پاکستانی ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر (ریٹائرڈ) محمد خالد سجاد کھوکر نے وزیراعلی ہاوس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری شہباز احمد سینیئر اور ہاکی کے سابق کھلاڑی شہباز بھی موجود تھے۔

خالد سجاد کھوکر نے بتایا کہ نشانِ حیدر ہاکی ٹورنامنٹ کراچی میں 4 اکتوبر سے شروع ہوگا، اس پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ آپ سندھ کے شہروں حیدرآباد، لاڑکانہ اور سکھر میں ہاکی شروع کروائیں، سندھ حکومت آپ کو سپورٹ کرے گی۔ آپ سندھ کے بچوں کو آگے لائیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد، دادو، شہید بینظیرآباد میں ہاکی اسٹیڈیم ہیں، ہم نے بلیو ٹرف لگائے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہرنے کہا کہ آپ ہاکی کو کمرشل کرائیں، بچوں کو مستقبل نظر آئے گا تو فوکس کریں گے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ٓپ ہمارے بچوں کو تربیت دیں، ہم مل کر ہاکی کو فروغ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کراچی ڈویژن کے 5 اضلاع میں ہاکی اسٹیڈیم بنا رہے ہیں، زمین مختص کردی ہے۔ خالد سجاد کھوکھر نیوزیراعلی سندھ کو بتایا کہ ہم نے قومی ٹیم میں دادو سے خضر حیات کو شامل کیا ہے، اس پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ آپ اس بچے کو تربیت دیں ، ہم اس کو آسٹریلیا بھیجیں گے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے دیہی اضلاع سے جوبچے ہاکی کھیل رہے ہیں آپ ان کو فروغ دیں۔ صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے تجویز پیش کی کہ ہاکی کو بھی کرکٹ کی طرز پر کمرشل کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہاکی فیڈریشن کے ساتھ مل کر کا م کریں گے اور اپنے نوجوانوں کو ہاکی کے کھلاڑی بنائیں گے۔ انہوں نے ہاکی کے فروغ کے لئے مل کر کام کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔

متعلقہ عنوان :