پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی 29سالگرہ ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی منائی گئی

بلاول ہائوس ،پیپلز سیکریٹریٹ اور پی پی کی ضلعی وعلاقائی دفاتر میں بلاول بھٹوزرداری کی سالگرہ کے کیک کاٹے گئے

جمعرات 21 ستمبر 2017 22:51

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی 29سالگرہ ملک بھر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی 29سالگرہ ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی منائی گئی ۔اس حوالے سے بلاول ہائوس ،پیپلز سیکریٹریٹ اور پی پی کی ضلعی وعلاقائی دفاتر میں بلاول بھٹوزرداری کی سالگرہ کے کیک کاٹے گئے ۔بلاول ہاس میڈیا سیل میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کی سادہ تقریب ہوئی ۔

تقریب میں بلاول بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹاگیا۔تقریب میں بلاول ہائوس میڈیا سیل کے انچارج سریندر ولاسائی، اقلیتی امور کے صوبائی وزیر کھٹومل جیون ،معروف اداکار ایوب کھوسو ، قیصر خان نظامانی اور گل رعنا بھی موجود تھے۔ پیپلز سیکٹریٹ میں بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کی تقریب میں پی پی سندھ کے صدر نثارکھوڑو ،جنرل سیکریٹری وقار مہدی اور دیگر رہنما شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

نثار کھوڑو ,وقار مہدی ،ڈاکٹر سکندر شورو سمیت دیگر نے سالگرہ کا کیک کاٹا۔ جانثار بے نظیر کی جانب سے بلاول ہائوس چورنگی پر بلاول بھٹوزرداری کا کیک کاٹا گیا ۔اس موقع پر بابر سندھو ،لال بخش بھٹو ،خیر النسا مغل ،محمود جونیجو،سعدیہ جاوید،نادیہ گبول اور دیگر شریک ہوئے ۔پیپلز پارٹی ضلع شرقی کی جانب سے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی 29 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا. جس میں ضلع شرقی کے جنرل سیکریٹری لالہ عبدالرحیم،سیکریٹری اطلاعات وقاص شوکت سمیت سٹی ایریا کے سابق عہدیداران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

پیپلز سیکریٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نثارکھوڑو نے کہا کہ مشرف کو بی بی کا قاتل سمجھتے ہیں۔پرویز مشرف نے آصف علی زرداری پر جو الزامات لگائے ہیں وہ غلط ہیں ۔پرویز مشرف بھگوڑا ہے ۔عدالت نے ای سی ایل سے پرویز مشرف کا نام نکالا۔ نواز شریف نے مشرف کو جانے دیا۔جب بھگوڑے سے کہو وہ عدالت میں پیش ہو اس کی ٹانگیں کانپتی ہیں۔ پرویز مشرف اگر ہمت ہے تو وہ پاکستان آئیں اور عدالت میں پیش ہوں ۔

بیماری کا بہانہ بناکر ملک سے فرار ہونے والا بھگوڑا کبھی واپس نہیں آئے گا ۔پرویز مشرف کا بھی احتساب ہونا چاہیے ۔انھوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نی29 سال میں بہت سے غم اور خوشیاں دیکھی ہیں ۔ بلاول بھٹو نوجونواں کے دل کی دھڑکن ہیں۔بلاول بھٹو دنیا میں پاکستان کو مثالی جمہوری ملک بنانا چاہتاہے۔ پاکستان کے لوگ عزم کر بیٹھے کہ وزارت عظمی پر نوجوان کو لائیں گے۔بلاول بھٹو زرداری عوام کو محرومیوں سے نکالیں گے۔انھوں نے کہا کہ جمہوریت کے خلاف سازشیں ہوتی ہیں ان کا مقابلہ کرنا ہے۔انھوں نے کہا کہ اس بھگوڑے کو بولو ملک میں آکر بات کرے۔