Live Updates

انصاف کی فراہمی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا ،ْ عمران خان

تحریک انصاف کی بہترین ٹیم بنا رہا ہوں ،ْ میرے کھلاڑی اپنے لئے نہیں قوم کیلئے کھیلیں گے ،ْ عدالت کسی طاقتور کے خلاف فیصلہ کرتی ہے تو وہ کہتا ہے مجھے کیوں نکالا بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز نے زندگی میں کوئی کام نہیں کیا تو وہ لیڈرز کیسے بن سکتے ہیں اقامہ آصف کہتا ہے پہلے پاکستان کو اپنے گھر کی صفائی کر نی پڑے گی ،ْجلسے سے خطاب

جمعرات 21 ستمبر 2017 22:50

انصاف کی فراہمی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا ،ْ عمران خان
جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے کہ انصاف کی فراہمی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا ،ْ تحریک انصاف کی بہترین ٹیم بنا رہا ہوں ،ْ میرے کھلاڑی اپنے لئے نہیں قوم کیلئے کھیلیں گے ،ْ عدالت کسی طاقتور کے خلاف فیصلہ کرتی ہے تو وہ کہتا ہے مجھے کیوں نکالا بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز نے زندگی میں کوئی کام نہیں کیا تو وہ لیڈرز کیسے بن سکتے ہیں اقامہ آصف کہتا ہے پہلے پاکستان کو اپنے گھر کی صفائی کر نی پڑے گی ۔

جمعرات کو جہلم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہاکہ جب کھلاڑی قوم کیلئے کھیلنا شروع کرتے ہیں تو وہ قوم جیت جاتی ہے ،ْتحریک انصاف کی بہترین ٹیم بنا رہا ہوں ،ْمیرے کھلاڑی اپنے لیے نہیں قوم کیلئے کھیلیں گے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ عدالت جب کسی طاقتور کے خلاف فیصلہ کرتی ہے تو وہ کہتا ہے مجھے کیوں نکالا لیکن انصاف کمزورکو چاہیے ہوتا ہے ،ْدیہات میں غریب پر سب سے بڑا ظلم تھانے کچہری کا ہوتا ہے ،ْ عدالتی اور معاشی انصاف کے بعد سب سے اہم چیز میرٹ ہے جبکہ معاشرہ ترقی تب کرتا ہے جب کمزور اوپر آتا ہے لیکن جب تک انصاف نہ ملے ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز نے زندگی میں کوئی کام نہیں کیا تو وہ لیڈرز کیسے بن سکتے ہیں، جن لوگوں نے زندگی میں کچھ نہیں کیا وہ ملک کیسے ٹھیک کریں گے جبکہ آصف زرداری نے کاغذ کا ٹکرا دکھایا اور کہا کہ مجھے پارٹی وراثت میں مل گئی ہے۔عمران خان نے کہا کہ میرٹ ختم کر کے سول سروس کو تباہ کیا گیا ،ْجمہوریت میں لیڈرشپ میرٹ پر آتی ہے جب کہ بادشاہت میں لیڈرشپ خاندان کے ذریعے آتی ہے، مسلمانوں میں بادشاہت پروان چڑھی جس کی وجہ سے ہم پیچھے رہ گئے مگر یورپ میں جمہوریت آ گئی جس سے انہوں نے ترقی کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ اور ہاکی کا چمپئن رہ چکا ہے مگر آج ہمارے پاس اولمپک کیلئے ایک بھی کھلاڑی نہیں ہے جب کہ کھلاڑی نہ ہونے کی وجہ میرٹ کا نہ ہونا ہے۔خواجہ آصف کے گھر کی صفائی کے بیان پر شدید تنقید کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ دنیا کا پہلا وزیر ہے جو دوسرے ملک کا اقامہ رکھتا ہے اور دبئی سے 50 ہزار درہم تنخواہ بھی وصول کرتا رہا۔

عمران خان نے خواجہ آصف کو اقامہ آصف کا لقب دیتے ہوئے کہا کہ وہ کہتا ہے کہ پہلے پاکستان کو اپنے گھر کی صفائی کرنی پڑیگی۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کو پہلے اپنے ذہن کی صفائی کرنی پڑیگی کیونکہ گندگی ان کے ذہن میں بھری ہوئی ہے جس ملک کے 70 ہزار لوگوں نے دوسری کی جنگ میں قربانیاں دی ہوں اور 100 ارب روپے سے زیادہ معاشی نقصان برداشت کیا ہو، وہاں آپ بھارت، امریکا اور افغانستان کی زبان بول رہے ہوں کہ پاکستان اصل مسئلہ ہے، آپ وہ کام کر رہے ہو جو پاکستان کے دشمن کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جرمنی اورجاپان میں سرکاری اسکولوں میں مفت تعلیم ملتی ہے، شہزادے ا ورعام آدمی کے بچے ا نہی سرکاری اسکولوں میں پڑھتے ہیں ،ْیہاں ڈھائی کروڑ بچے اسکول ہی نہیں جاتے،بچے اسکول ہی نہیں جاتے تو پتا کیسے چلے گا کہ کون ذہین ہی سارے ملک میں 50 ،60 ہزاربچوں کواچھی تعلیم کا موقع ملتاہے، 22 لاکھ بچے دینی مدرسوں میں پڑھتے ہیں،بادشاہت کی وجہ سے مسلمان پیچھے رہے۔

چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان میں بجلی سارے خطے میں سب سے مہنگی ہے،جس کی وجہ یہ ہے کہ یہ بڑے لوگ پیسا چوری کرکے باہر لیجاتے ہیں اس لیے بجلی مہنگی ہے،پیسا ملک میں خرچ ہوتو نوکریاں بنتی ہیں،لوگوں کی جیب میں پیسا آتا ہے۔دوسری جانب دینہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ انسانی معاشرے میں انصاف ہوتا ہے تاہم یہ معاشرہ ناانصافی والا ہے جہاں غریبوں کے لیے نوکریاں نہیں ہیں اور اگر کوئی مقصدنہ ہوتو انسان اور جانورمیں فرق نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ جب قوم کا پیسہ چوری ہوتا ہے تو اس قوم کے پاس اسکول، تعلیم، روزگار اور انصاف دینے کے لیے پیسہ نہیں ہوتا لیکن اس کے برعکس یورپ میں امیر اور غریب کا بچہ ایک ہی اسکول میں پڑھتا ہے اور غریب کا بچہ وہی سے وزیراعظم بنتا ہے لیکن یہاں سرکاری اسکول میں پڑھنے والے بچے کو اوپر آنے کا موقع نہیں ملتا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات