قیام پاکستان کے بنیادی مقاصد پر عمل پیرا ہونا ہر پاکستانی شہری کی ذمہ داری ہے،شاہد خاقان عباسی

محرم الحرام ہمیں اسلاف کی قربانیوں، صبرو تحمل، وفاداری ،استقامت جیسی اعلیٰ انسانی اقدار کی پاسداری ،بالخصوص واقعہ ہجر ت نبویؐ کے موقع پر انصار و مہاجرین کی باہمی محبت و اخوت، بھائی چارے، ہمدردی، اتحاد و یکانگت کے واقعات کی پاسداری کی یاد دلاتاہے ہمیں کدورتوں، رنجشوں ،فتنہ و فساد چھوڑ کر وطن عزیز کی ترقی ،خوشحالی کیلئے خلوصِ دِل، محنت اور تمام صلاحیتوں کیساتھ کام کرنا ہو گا، وزیراعظم کا اسلامی سال کے آغاز کے موقع پر پیغام

جمعرات 21 ستمبر 2017 22:50

قیام پاکستان کے بنیادی مقاصد پر عمل پیرا ہونا ہر پاکستانی شہری کی ذمہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان واحد اسلامی مملکت اور جوہری طاقت ہے جو دین اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق زندگی بسر کرنے کیلئے ریاست مدینہ منورہ کے تصور کی بنیاد پر معرضِ وجود میں آیا، قیام پاکستان کے بنیادی مقاصد پر عمل پیرا ہونا ایک طرح سے ہر پاکستانی شہری کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے یہ بات اسلامی سال نو محرم الحرام کے آغاز پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اسلامی تقویم کے پہلے مہینہ محرم الحرام سے اسلامی سال 1439 ہجری کا آغاز ہو رہا ہے۔ یہ ماہِ مقدس ان چار مہینوں میں سے ایک ہے جس کا ذکر قرآن کریم میں حرمت اور توقیر کے حوالے سے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پورا عالم اسلام اپنے سالِ نو کا آغاز عزت و حرمت والے ماہِ محرم سے کرتا ہے۔

اس مقدس مہینے کو تاریخ میںشروع سے ہی عزت وسرفرازی نصیب رہی ہے۔ اِس اعتبار سے اس ماہِ مقدس میں نیک اعمال اور خیر کے افعال کو عام دِنوں کی نسبت زیادہ اہمیت اور بہتر حیثیت میںشما رکیا جاتا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ محرم الحرام بالعموم ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں، صبرو تحمل، وفاداری اور استقامت جیسی اعلیٰ انسانی اقدار کی پاسداری اور بالخصوص واقعہ ہجر ت نبویؐ کے موقع پر انصار و مہاجرین کی باہمی محبت و اخوت، بھائی چارے، ہمدردی، اتحاد و یکانگت کے واقعات کی پاسداری کی یاد دلاتاہے اور اُمتِ مسلمہ کی ہر شعبہ میں رہنمائی کرتا ہے جن پر روزمرہ کے معمولات میں عمل پیرا ہو کر معاشرہ میں اتحاد، محبت اور امن و آشتی پیدا کی جا سکے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ الحمد للہ پاکستان واحد اسلامی اور جوہری طاقت کی حامل مملکت ہے جو ریاست مدینہ منورہ کے تصور کی بنیاد پرخالصتاً توحید اور دین اسلام کے سنہری اُصولوں کے مطابق زندگی بسر کرنے کیلئے معرضِ وجود میں آیا۔ قیام پاکستان کے بنیادی مقاصد پر عمل پیرا ہوناایک طرح سے ہر پاکستانی شہری کی ذمہ داری ہے ۔ اِن اُصولوں پر عمل پیرا ہوکر کدورتوں، رنجشوں اور فتنہ و فساد کو چھوڑ کر وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خلوصِ دِل، محنت اور تمام صلاحیتوں کے ساتھ کام کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیںہرقسم کی بدگمانی، فرقہ واریت، دہشت گردانہ سر گرمیوں سے اجتناب کرتے ہوئے باہمی رواداری، اخوت و بھائی چارے، اتحاد و اتفاق ، محبت و یگانگت اورتمام اعلیٰ و ارفع انسانی اقدارکی پاسداری اور فروغ کو اپنا مطمع نظر بناناچاہئے تاکہ ہم اقوامِ عالم میںمثالی حیثیت سے پہچانے جا سکیں۔