ورکنگ فوکس گرائمرسکولوں میں111ملازمین کی بھرتیاں خلاف قانون قرار

سابقہ دورمیں بھرتی ہونے والے ملازمین کی تعلیمی قابلیت،تعلیمی اسناد اور عمرکی حد درست نہیں،سرکاری دستاویزات

جمعرات 21 ستمبر 2017 22:41

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2017ء)ورکنگ فوکس گرائمرسکولوں میں مختلف اوقات کے دوران بھرتی ہونیوالے ڈھائی ہزارکے قریب ملازمین میں 111کی تعیناتی مطلوبہ تعلیمی قابلیت، تعلیمی اسناد اور عمرکی حدکے مطابق درست قرار نہیں پائی۔دستاویزات کے مطابق سابقہ دورحکومت اورموجودہ دورحکومت میں مختلف ورکنگ فوکس گرامر سکولوں میں دوہزار437کنٹریکٹ ملازمین جن میں اساتذہ ودیگرعملہ شامل تھا،بھرتی کئے گئے جن کی تعلیمی اسنادکی جانچ پڑتال کیلئے ورکرزویلفیئربورڈنے ایک ریشنالائزیشن کمیٹی بنائی جس کی رپورٹ کے مطابق ایک ہزار23ملازمین کی تقرری قواعدوضوابط کے خلاف کی گئی تھی۔

بعدازاں ورکرزویلفیئربورڈنے ایک نظرثانی کمیٹی تشکیل دی جس نے ریشنالائزیشن کمیٹی کی رپورٹ میں مزید چھان بین کی اور1ہزار763ملازمین کی تعلیمی اسناد اورمتعلقہ پوسٹ کیلئے درکارعمر کودرست قرار دیا جبکہ674ملازمین مذکورہ معیار پر پورے نہیں اترے 674ملازمین نے مذکورہ رپورٹ کے خلاف اپیل کی ان اپیلوں کی سماعت کیلئے ادارہ ہذا نے ایڈیشنل سیکرٹری لیبرڈیپارٹمنٹ کی سربراہی میں اپیلیٹ کمیٹی بنائی اپیلیٹ کمیٹی نی674اپیلوں کی سماعت کے بعد488ملازمین کی تعلیمی اسناداورعمرکی حد کودرست قرار دیا اوریوں کل دوہزار251ملازمین کو کلیئرقراردیاگیا ان کلیئرملازمین کو ورکرز ویلفیئر بورڈخیبرپختونخوا نے بورڈمیٹنگ میں مزید ایک سال توسیع کی سفارش کی گئی ۔

(جاری ہے)

دستاویزات کے مطابق جہاں تک اساتذہ کوقانونی طریقہ کارکے مطابق بھرتی کرنے کا تعلق ہے تو اس ضمن میں صوبائی ورکرویلفیئر بورڈ نے تین مختلف کمیٹیوں کی رپورٹ کی روشنی میں111ملازین مطلوبہ تعلیمی قابلیت، تعلیمی اسناد اور عمر کی حدکے مطابق درست قرار نہیں پائے گئے ۔واضح رہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع پشاور، نوشہرہ، مردان، صوابی، سوات، ہری پور،کرک اور کوہاٹ میں اس وقت 32ورکنگ فوکس گرامرسکول قائم ہیں جہاں پربیشترسکولوں میں طلبہ کے تناسب سے زائدسٹاف لیاگیاہے جن کی ورکرویلفیئربورڈسے فنڈزکی عدم فراہمی پر جون2017ء سے تنخواہیںبند ہیں ۔

دوسری جانب صوبائی وزیراطلاعات شاہ فرمان نے اسمبلی اجلاس میں بے قاعدگیوں کا ساراملبہ گزشتہ حکومت پر ڈالتے ہوئے کہاکہ ماضی میں ورکرزویلفیئربورڈ میں اربوں روپے کی کرپشن اور غیرقانونی طو رپر بھرتیاں کی گئی‘ ایک حلقے سے ہزاروں افرادکوغیر قانونی طورپربھرتی کیاگیا حتیٰ کہ فوکس گرامر سکولوں کی کتابوں میں گھپلے کئے گئے۔