ہماری مسلح افواج نے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے عالمی امن کو یقینی بنایا ہے‘ گورنر سندھ

جمعرات 21 ستمبر 2017 22:41

ہماری مسلح افواج نے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے عالمی امن کو یقینی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ عالمی امن کے لئے پاکستان سے زیادہ کسی نے قربانیاں نہیں دیں، ہماری مسلح افواج نے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اور عوام نے بے شمار مسائل کا سامنا کرکے عالمی امن کے قیام کو یقینی بنایا ہے۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم امن پر منعقدہ ’’عالمی امن کانفرنس‘‘ سے گورنر ہائوس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی مہتاب اکبر راشدی، چین وامریکہ کے قونصل جنرل، برطانیہ، اومان، سوئٹزرلینڈ اور دیگر ممالک کے سفارت کار، جسٹس (ر) ماجد رضوی، سابق آئی جی سندھ نیاز صدیقی، سابق وفاقی وزیر بیرسٹر شاہدہ جمیل، نسرین حق، چیئرمین آباد محسن شیخانی اور سول سوسائٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ افغانستان پر سوویت یونین کے قبضہ اور ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے حملوں کے بعد عالمی برادری کا ساتھ دینے کا فیصلہ بالکل درست تھا لیکن ان دونوں واقعات کے بعد پاکستان کو جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا وہ کسی کے گمان میں بھی نہیں تھے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ہمیشہ ہر اول دستہ کا کردار ادا کیا ہے جس کا اعتراف ساری دنیا کرتی ہے لیکن پاکستان کی کاوشوں کو مزید سراہے جانے کی ضرورت ہے تاکہ عالمی دنیا میں پاکستان کے بارے میں منفی تاثر کو زائل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ پاکستان کے لئے جاری کردہ ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کرے تاکہ پاکستان کی اصل صورتحال کو دنیا کے سامنے لایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے ساتھ ساتھ امن پاکستان کی سب سے بڑی ضرورت ہے جس کے قیام کے لئے آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد شروع کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے جہاں 2013ء میں حالات نہایت ابتر تھے، سرمایہ کار یہاں سے جارہے تھے اور کاروبار بند ہورہے تھے، اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے آپریشن کا فیصلہ کیا گیا اور 4 سال کے بعد کراچی میں امن بحال کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں سرمایہ کاری کے لئے صورتحال نہایت سازگار ہیں، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار یہاں کا رخ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بہتر انفرااسٹرکچر سرمایہ کاری کی بنیادی شرط ہے یہی وجہ ہے کہ کراچی پیکج میں خصوصاً صنعتی علاقوں کے انفرااسٹرکچر کی بحالی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم پرامن قوم ہے اور ہم عالمی امن کے قیام کے لئے مزید ہر ممکن قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سی پیک کے ذریعے ملک میں معاشی ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا کیونکہ یہ حقیقی معنوں میں گیم چینجز کا کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر مہتاب اکبر راشدی، نیاز صدیقی، بیرسٹر شاہدہ جمیل، جسٹس (ر) ماجدہ رضوی اور دیگر نے بھی عالمی یوم امن کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :