چاند نظر آگیا، یومِ عاشور یکم اکتوبر کو ہو گا‘مفتی منیب الرحمان

جمعرات 21 ستمبر 2017 22:41

چاند نظر آگیا، یومِ عاشور یکم اکتوبر کو ہو گا‘مفتی منیب الرحمان
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2017ء) مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ محرم الحرام 1439ھ کا چاند نظر آگیا ہے۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی زیرِ صدارت دفتر محکمہٴ موسمیات، یونیورسٹی روڈ کراچی میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے ارکان مولانا قاری محمد حنیف جالندھری ، مفتی محمد ابراہیم قادری، مولاناحافظ عبیداللہ پنہوار،اخوندزادہ سید عبدالمبین شاہ بخاری، مولاناحافظ عبدالمالک بروہی،قاری عبدالعزیز اشعر ،مولانا محمد ظفر سعیدی، مولانا قاری سید اختر شاہ، پیر سید شاہد علی شاہ جیلانی، مولانا محبوب علی سہتو، مولاناسید خالد محمود ندیم، مولانا سید ارشاد حسین شاہ، آغا گوہر علی، زونل رویتِ ہلال کمیٹی کراچی سے مولانا حافظ محمد سلفی، مولانا محمد اسد دیوبندی، مولانا علی کرار نقوی، مولانا نذیر احمد نعیمی، مولانا محمد صابر نورانی جبکہ ڈائریکٹر اسپیس سائنس سپارکو غلام مرتضیٰ بطور فنی ماہر فنی معاونت کے لئے اجلاس میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

چیف میٹرولوجسٹ محکمہٴ موسمیات عبدالرشید نے اجلاس کے انعقاد کے لئے تمام سہولتیں فراہم کیں۔ وفاقی وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے ڈائرکٹر جنرل نورسلام شاہ نے اہتمام اور رابطہٴ کار کے فرائض انجام دیئے۔ پاکستان بھر میںصوبائی وضلعی اور زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکواٹرز پر منعقد ہوئے۔ چاند بہاولپور، اسلام آباد، خانپور، لاہور اور کراچی میں واضح طور پر دیکھا گیا۔

ملک کے بیشتر علاقوں سے کثیر تعداد میں شہادتیں موصول ہوئیں، لہٰذا اجلاس میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم محرم الحرام 1439ھ (آج) بروز جمعة المبارک 22 ستمبر کو ہو گی اور یومِ عاشور اتوار یکم اکتوبر کو ہو گا۔ اجلاس میں اہلِ پاکستان اور تمام امّتِ مسلمہ کو نئے قمری سال کی مبارکباد دی گئی اور دعا کی گئی کہ آنے والا سال امّتِ مسلمہ اور اہلِ پاکستان کے لئے امن، عافیت، سلامتی اور استحکام کا باعث ہو۔

اجلاس میں اتفاقِ رائے سے پوری قوم سے اپیل کی گئی کہ ماہِ محرم الحرام میں امن وامان کے قیام میں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔ تمام مسالک کے خطباء ، واعظین اورذاکرین اپنے خطابات میں ایسا انداز اختیار نہ کریں جو دوسروں کی دل آزاری کا باعث ہو۔ جمعة المبارک کے خطبات میں عوام سے مذہبی رًواداری اور قومی وملی یکجہتی کی اپیل کریں اور ملک کو داخلی وخارجی سطح پر جو انتہائی مشکل حالات دًرپیش ہیں، اللہ تعالیٰ ملک وقوم کو محفوظ رکھے۔